سری نگر، 10 جنوری (یو این آئی) جموں وکشمیر پولیس نے شمالی قصبہ سوپور میں چوری کے ایک معاملے کو حل کرکے اس میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا ہے اور مسروقہ نقدی رقم کو بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن سوپور کو ایک بیکری شاپ کے مالک کی طرف سے ایک شکایت موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ شاہ فیصل مارکیٹ سوپور میں واقع ان کی دکان ‘کیک ولا’ سے نقدی رقم اور بیکری کا سامان چوری کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شکایت کے مطابق نامعلوم چور نے رات کے وقت دکان کی کھڑکی توڑ کر واردات انجام دی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کے متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر زیر نمبر 5/2026 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور تفتیش شروع کر دی گئی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ تفتیش کے دوران ملزم کی شناخت شاکر احمد بٹ ولد محمد صادق بٹ ساکن سرسید کالونی سوپور کے طور پر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزم گرفتاری سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا تاہم مسلسل کوششوں کے بعد اس کو گرفتار کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران اس نے چوری کرنے کا اعتراف کیا جس کے نتیجے میں اس کے قبضے سے مسروقہ نقدی رقم بر آمد کی گئی۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ مزید پوچھ تاچھ کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے بس اسٹینڈ سوپورکے مین مارکیٹ میں کئی دکانوں کے تالے توڑنے کی کوشش بھی کی اور اس نے یہ بھی بتایا کہ اس نے ‘کیک ولا’ سے چرایا گیا بیکری کا سامان استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
0
