سری نگر،11دسمبر(یو این آئی) جموں و کشمیر پولیس نے جمعرات کو شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں کالعدم تنظیم تحریکِ حریت سے وابستہ افراد کے متعدد مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے سیکشن 10 اور 13 یو اے پی اے کے تحت چل رہی تحقیقات کے سلسلے میں تین افراد—
ظفرالسلام عرف یداللہ پیر ساکن ڈانگر پورہ، لطیف احمد کالو ولد غلام نبی کالو ساکن حنفیہ کالونی آرم پورہ سوپور اور محمد اشرف ملک ولد محمد عبداللہ ملک ساکن توحید باغ سوپور—کے رہائشی مکانات اور متعلقہ احاطوں کی منظم طریقے سے تلاشی لی۔
افسر کے مطابق، یہ کارروائی عدالت سے حاصل شدہ تحریری سرچ وارنٹس کی بنیاد پر کی گئی، جبکہ پورا عمل ایک ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی موجودگی میں مکمل ہوا تاکہ تفتیشی عمل شفاف اور قانونی تقاضوں کے مطابق رہے۔
تلاشی کے دوران پولیس نے مختلف مشکوک دستاویزات، مواد اور الیکٹرانک آلات کا جائزہ لیا۔ افسر نے مزید بتایا کہ ضبط شدہ اشیا کی جانچ کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں سے متعلق ہر پہلو کی باریک بینی سے جانچ کی جا رہی ہے اور خطے میں امن مخالف عناصر کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔
