0

سوپور میں 30 سے زیادہ مقامات پر چھاپے، قابل اعتراض مواد بر آمد: پولیس

سری نگر، 12 نومبر (یو این آئی) پولیس کا کہنا ہے کہ ایک بڑی مربوط کارروائی کے دوران سوپور پولیس نے قصبے کے متعدد مقامات پر کالعدم تنظیم جماعت اسلامی سے وابستہ ارکان کے گھروں پر چھاپے مارے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور علاحدگی پپسند نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کے طور پر سوپور، زینہ گیر اور رفیع آباد کے علاقوں میں بہ یک وقت 30 سے زیادہ مقامات پر چھاپے مارے گئے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں دیگر سیکورٹی اداروں کے تعاون سے اس مستند خفیہ اطلاع کی بنیاد پر انجام دی گئیں کہ جماعت اسلامی سے وابستہ عناصر مختلف ناموں سے اپنی سرگرمیوں کو دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا: ‘آپریشنز کے دوران قابل اعتراض مواد جن میں دستاویزات، ڈیجیٹل آلات اور ممنوعہ تنظیم سے منسلک پرنٹ شدہ مواد شامل ہے، ضبط کیا گیا’۔
انہوں نے کہا کہ بر آمد شدہ مواد کی تفصیلی جانچ جاری ہے جبکہ کئی افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ ان کی غیر قانونی سرگرمیوں میں شمولیت کا تعین کیا جا سکے۔
ان کا کہنا ہے: ‘ یہ تلاشی کارروائیاں دہشت گردی اورعلیحدگی پسندی کے ماحولیاتی نظام کو ختم کرنے اور اس کے نظریاتی اور لاجسٹک نیٹ ورکس میں خلل ڈالنے کے لیے سوپور پولیس کی جاری انسدادی حکمت عملی کا حصہ ہیں’۔
موصوف ترجمان نے واضح کیا کہ یہ کارروائیاں احتیاطی اور انٹلی جنس کی بنیاد پر انجام دی جا رہی ہیں تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے اور کسی بھی تنظیم یا فرد کو مقامی آبادی کا استحصال کرنے یا موجودہ سیکورٹی صورتحال کو خراب کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔
انہوں نے کہا: ‘سوپور پولیس تمام کالعدم تنظیموں اور دہشت گرد نیٹ ورکس سے وابستہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے لئے پر عزم ہے تاکہ دائمی امن، استحکام اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے’۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں