0

شبھمن گل بنے ہندوستان کے نئے ون ڈے کپتان، روہت اور کوہلی ٹیم میں

ممبئی، 04 اکتوبر (یواین آئی ) آسٹریلیا کے دورے کے لیے منتخب شبھمن گل کی قیادت والی ون ڈے ٹیم میں روہت شرما اور وراٹ کوہلی شامل ہیں۔ شریئس ائیر کو ہندوستانی ون ڈے ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ روہت اور کوہلی چیمپئنز ٹرافی فائنل کے بعد پہلی مرتبہ ہندوستانی ٹیم کے لیے کھیلتے نظر آئیں گے۔

ہاردک پانڈیا اسٹرین انجری کی وجہ سے ون ڈے اور ٹی20 ٹیم سے باہر ہیں۔ وہیں جسپریت بُمراہ کو ون ڈے ٹیم سے آرام دیا گیا ہے، تاہم بُمراہ ٹی20 ٹیم میں شامل ہیں۔ محمد سراج کی ون ڈے ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ رویندر جڈیجہ ون ڈے ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔
چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تین الگ الگ فارمیٹ میں کپتان ہونا حکمتِ عملی کے اعتبار سے مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ ابھی دو سال دور ہے لیکن اس دوران ہندوستان کتنے ون ڈے کھیلے گا یہ واضح نہیں ہے، اس لیے نئے کپتان کے پاس کافی وقت ہونا چاہیے۔ اگرکر نے کہا کہ صرف سلیکٹروں کے لیے ہی نہیں بلکہ کوچ کے لیے بھی تین مختلف کپتانوں کے ساتھ کام کرنا آسان نہیں رہتا۔
جڈیجہ کے ون ڈے ٹیم میں شامل نہ ہونے پر اگرکر نے کہا کہ آسٹریلیا میں زیادہ ون ڈے نہیں کھیلنے تھے، اس لیے وہاں کے حالات کے لحاظ سے ٹیم میں زیادہ اسپنروں کی ضرورت نہیں تھی۔
بمراہ اور ہاردک کے سلسلے میں اگرکر نے کہا، ’’ان کے ورک لوڈ کو دیکھتے ہوئے انہیں ون ڈے ٹیم سے آرام دیا گیا ہے۔ ہاردک اس وقت آسٹریلیا کے دورے کے لیے فٹ نہیں تھے۔ ایک ہفتے میں وہ سی او ای میں شامل ہوں گے اور ریکوری شروع کریں گے، تب ہمیں ان کے بارے میں واضح تصویر ملے گی۔‘‘
آسٹریلیا میں ہندوستان کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنی ہے جو 19 اکتوبر سے شروع ہوگی اور 25 اکتوبر کو سیریز کا آخری میچ کھیلا جائے گا۔ وہیں پانچ میچوں کی ٹی20 سیریز کا آغاز 29 اکتوبر کو ہوگا اور 8 نومبر کو سیریز کا آخری میچ کھیلا جائے گا۔
آسٹریلیا دورے کے لیے ہندوستان کی ون ڈے ٹیم:
شبھمن گل (کپتان)، یشسوی جیسوال، روہت شرما، وراٹ کوہلی، شریئس ائیر (نائب کپتان)، اکشر پٹیل، کے ایل راہل، نیتیش کمار ریڈی، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادو، ہرشیت رانا، محمد سراج، ارسدیپ سنگھ، پرسِدھ کرشنا، دھروو جوریل (وکیٹ کیپر)۔
ہندوستان کی ٹی20 ٹیم:
سوریا کمار یادو (کپتان)، شبھمن گل (نائب کپتان)، ابھیشیک شرما، تلک ورما، نیتیش کمار ریڈی، شِوم دوبے، اکشر پٹیل، جیتیش شرما، ورون چکرورتی، جسپریت بُمراہ، ارسدیپ سنگھ، کلدیپ یادو، ہرشیت رانا، سنجو سیمسن، رنکو سنگھ، واشنگٹن سندر۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں