0

شوپیاں اور بڈگام اضلاع میں دو منیشات فروش گرفتار، چرس بر آمد: پولیس

سری نگر، 28 ستمبر (یو این آئی) منشیات کے خلاف مہم کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے الگ الگ کارروائیوں کے دوران شوپیاں اور بڈگام اضلاع میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن زینہ پورہ کی ایک ٹیم نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک ایف آئی آر زیر نمبر 77/2025 درج کرکےچیف جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس شوپیاں سے تلاشی وارنٹ حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشن زینہ پورہ کی ایک ٹیم نے ایس ایچ او کی سربراہی اور ایگزیکیٹو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس کی موجودگی میں ہمہونی ناگبل کے رہائشی غلام محمد شیخ ولد ثناو اللہ شیخ کے مکان پر چھاپہ مارا۔
ان کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران مکان 1 کلو چرس اور ایک گرائنڈر مشین ضبط کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ ملزم فرار ہے جس کی گرفتاری کے لئے تلاش جاری ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں کے وچھی علاقے میں ہی پولیس نے ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے چرس جیسا مواد بر آمد کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس پوسٹ وچھی کی ایک ٹیم نے ایک ناکے کے دوران ایک منشیات کو دھر لیا اور تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے101 گرام چرس بر آمد کیا۔
ملزم کی شناخت امتیاز احمد شیخ ولد غلام حسن شیخ ساکن پومبیہ کولگام کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے اس ضمن میں پولیس اسٹیشن زینہ پورہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 78/2025 ایک مقدمہ درج کیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ادھر پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس پوسٹ مچھوا کی ایک پارٹی نے ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 112 گرام چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کی موقع پر ہی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
ملزم کی شناخت مومن قادر دھوبی ولد غلام قادر دھوبی ساکن دھرم بگ کرال پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن چاڈورہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں