سری نگر، 12 دسمبر (یو این آئی) ٹریفک قواعد کی خلاف ورزیوں کے خلاف ہفتہ بھر جاری رہنے والی کارروائیوں کے دوران شوپیاں پولیس نے دیگر ریاستوں کی رجسٹریشن رکھنے والی 144 گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائیاں انجام دی ہیں جو خرید و فروخت کے بعد لازمی ملکیت کی منتقلی کے بغیر سڑکوں پر چل رہی تھیں۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ خصوصی پولیس ٹیموں کو مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا تاکہ ایسی گاڑیوں کی نشاندہی کی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ کارروائیوں کے دوران متعدد گاڑیاں بغیر مناسب ملکیت کی منتقلی اور لازمی دوبارہ رجسٹریشن کے چلائی جا رہی تھیں جو ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس پر موٹر وہیکلز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی جن میں غیر رجسٹریشن اور ملکیت منتقل نہ کرنے کے معاملات شامل ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ کارروائی گذشتہ چند ہفتوں سے جاری ایک وسیع مہم کا حصہ ہے جس کے دوران شوپیاں پولیس پہلے ہی بڑی تعداد میں ایسی گاڑیوں کے خلاف کارروائی انجام دے چکی ہے جو اس نوعیت کی خلاف ورزی میں ملوث ہیں۔
انہوں نے تمام گاڑی مالکان کو مشورہ دیا کہ وہ خرید و فروخت کے بعد ملکیت کی بروقت منتقلی اور لازمی رجسٹریشن کے تقاضوں کو پورا کریں۔
0
