سری نگر،16دسمبر(یو این آئی) جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آئی پی ایل 2026 کی نیلامی میں جموں و کشمیر کے فاسٹ بولر عاقب نبی کے دہلی کیپٹلز میں شمولیت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے ریاست کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے سماجی رابطہ پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں عاقب نبی دار کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے لکھا کہ عاقب نبی کی یہ کامیابی ان کی مسلسل محنت، لگن اور جدوجہد کا نتیجہ ہے، جس پر پورا جموں و کشمیر فخر محسوس کر رہا ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ عاقب نبی کی برسوں کی محنت کو اس بڑے اسٹیج پر پہچان ملی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی پی ایل کے آنے والے سیزن میں آوقب نبی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور اپنی ٹیم کے ساتھ مزید کامیابیاں حاصل کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے پیغام میں دلچسپ انداز میں یہ بھی کہا کہ اب وہ خود دہلی کیپٹلز کے حامی بن گئے ہیں اور سیزن کے آغاز کا بے چینی سے انتظار ہے تاکہ وہ آوقب نبی اور ان کی ٹیم کی کامیابیوں پر خوشی منا سکیں۔
سیاسی، سماجی اور کھیلوں کے حلقوں میں وزیر اعلیٰ کے اس بیان کو نوجوان کھلاڑیوں کے حوصلے میں اضافے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق عاقب نبی کی آئی پی ایل میں شمولیت سے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں میں آگے بڑھنے کا نیا حوصلہ ملے گا۔
0
