0

عالمی سطح پر2023 اور 2024 کے بعد 2025 کاجون سب سے زیادہ گرم رہا

برسلز، 9 جولائی (یو این آئی) رواں سال کا جون عالمی سطح پر 2023 اور 2024 کے بعد سب سے زیادہ گرم رہا۔
یہ اطلاع بدھ کے روز یورپی یونین کے تعاون سے چلنے والی کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس (سی 3 ایس) نے دی۔ سی 3 ایس نے اپنے ماہانہ موسمی بلیٹن میں کہا کہ عالمی سطح پر ہوا کا درجہ حرارت جون میں اوسطاً 16.46 ڈگری سیلسیس رہا، جو 1991-2020 کے اسی مہینے کے اوسط سے 0.47 ڈگری زیادہ اور 1850-1900 کی سطح سے 1.3 ڈگری زیادہ ہے۔
اس مہینے کے لیے یورپ کا اوسط درجہ حرارت 18.46 ڈگری رہا اور اس طرح اس سال کا جون یورپ کے لیے پانچواں گرم ترین جون رہا۔ مغربی یورپ میں اپنے اب تک کے سب سے گرم جون میں اوسط درجہ حرارت 20.49 ڈگری رہا۔ یوروپی سنٹر فار میڈیم رینج ویدر فورکاسٹس میں اسٹریٹجک لیڈ فار کلائمیٹ سمانتھا برجیس نے کہا ’’جون 2025 میں، مغربی یورپ کے بڑے حصے میں غیر معمولی لو کا اثر دیکھنے کو ملا۔ شدید گرمی نے زیادہ تر خطے میں لوگوں کو پریشان کیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ گرم ہوتی دنیا میں، گرمی میں مزید شدت آ سکتی ہیں اور یورپ بھر میں زیادہ لوگوں کو متاثر کر سکتی ہے۔ یورپ کے علاوہ، جون میں امریکہ، شمالی کینیڈا، مغربی ایشیا اور مغربی انٹارکٹیکا میں اوسط سے زیادہ درجہ حرارت دیکھا گیا۔ سی 3 ایس نے کہا کہ ایک ’غیر معمولی‘ سمندری ہیٹ ویو مغربی بحیرہ روم میں پیدا ہوئی، جہاں یومیہ ایس ایس ٹی 27 ڈگری تک پہنچ گیا، جو اس خطے میں جون کے لیے اب تک کی سب سے زیادہ ہے۔ سی 3 ایس کے سینئر سائنسدان جولین نکولس نے کہا ’’سمندری درجہ حرارت میں اضافے کا طویل مدتی رجحان عالمی سطح پر واضح ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ ایس ایس ٹی سمندری ایکو سسٹم اور حیاتیاتی تنوع کے لیے بڑھتا ہوا خطرہ ہیں کیونکہ سمندر انسانوں کی پیدا کردہ آب و ہوا تبدیلیوں کی وجہ سے ہونے والی اضافی گرمی کا تقریباً 90 فیصد جذب کرتے ہیں۔ انہوں نے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو کم کرنے اور آب و ہوا کی لچک کو بہتر بنانے کے لیے تیز رفتار کارروائی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اخراج کو کم کرنا اور اپنے شہروں اور کمیونٹیز کو گرم آب و ہوا والی دنیا کے مطابق ڈھالنا بہت ضروری ہے۔ ”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں