جموں، 20 نومبر (یو این آئی) جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری کا کہنا ہے کہ عمر عبداللہ سرکار شدید مشکلات کے باوجود کھڑی ہے اور اپنے تمام وعدوں کو پورا کرنے کے لئے پر عزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے گذشتہ 11 برسوں کے دوران جموں میں کوئی کام نہیں کیا۔
نائب وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘ہم کہتے ہیں ہمیں وہ سب ملنا چاہئے جس کے ہم حقدار ہیں، ہمیں ریاستی درجہ واپس ملنا چاہئے، ہماری زمینیں اور نوکریاں محفوظ رہنی چاہئے تاکہ باہر کے لوگ ان کو نہ لے سکیں، یہی ہمارے مدعے ہیں جن پر ہم بات کرتے ہیں”۔
ان کا کہنا ہے: ‘عمر عبداللہ سرکار کے سامنے کئی مشکلات ہیں،ہمیں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن اس کے باوجود بھی ہم کھڑے ہیں اور ان مشکلات کا مقابلہ کر رہے ہیں’۔
مسٹر چودھری نے کہا: ‘ہم 5 برسوں میں اپنے وعدوں کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے’۔
انہوں نے کہا: ‘بی جے پی نے گذشتہ 11 برسوں میں جموں میں کوئی کام نہیں کیا اور آج جب ہم کچھ کرنا چاہتے ہیں تو اس میں روکاٹیں ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘بی جے پی کے لوگ جموں کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں اور 11 برسوں سے جموں کو نقصان اٹھانا پڑا”۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں جموں کے مفاد میں کام کئے جا رہے ہیں اور دربار مو کی بحالی اس کی ایک مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو چاہئے کہ وہ عمر عبداللہ پر الزام لگانے کے بجائے 11 برسوں کا اپنا وائٹ پیپر سامنے لائیں۔
0
