0

عمر عبداللہ عوامی مسائل پر خاموش، صرف سیاسی بیان بازی میں مصروف :محبوبہ مفتی

سری نگر،7جنوری (یو این آئی) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے بدھ کے روز وزیراعلیٰ عمر عبداللہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ زمین کے حصول، باغ مالکان کے خدشات اور عام لوگوں کے مسائل پر خاموش ہیں۔
بجبہاڑہ میں اپنے والد اور سابق وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید کے برسی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ عمر عبداللہ عوامی مسائل کے حل کے بجائے صرف پی ڈی پی کے خلاف بیانات دینے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا، ’انہیں مکمل اکثریت حاصل ہے، ان کی پارٹی کے ارکان راجیہ سبھا اور لوک سبھا دونوں میں ہیں، لیکن وہ غریبوں کو درپیش اہم مسائل پر خاموش ہیں۔‘
محبوبہ مفتی نے الزام لگایا کہ عمر عبداللہ عام کشمیریوں کی زمین اور باغات کی جذباتی و معاشی اہمیت کو سمجھنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’انہیں معلوم ہی نہیں کہ ایک غریب خاندان کے لیے زمین یا باغ کیا معنی رکھتا ہے، اسی لیے وہ ان مسائل پر خاموش ہیں اور متاثرہ لوگوں کی آواز نہیں بنتے۔‘
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بے روزگاری اور عوامی ناراضگی اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ پلوامہ سے تعلق رکھنے والے ایک ڈاکٹر نے خودکشی کی اور دہلی میں معصوموں کی جان گئی، لیکن عمر عبداللہ حکومت آگ کے ان مسائل پر بھی خاموش ہے۔
محبوبہ مفتی نے حکومت پر زور دیا کہ ریلوے لائن اور دیگر بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے لیے زمین لینے سے پہلے مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی عوام کی روزی روٹی اور عزتِ نفس کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا، ’کشمیر میں ہزاروں خاندانوں کی بقا زمین سے جڑی ہے، خاص طور پر باغ مالکان اور چھوٹے کسانوں کی۔ لہٰذا حکومت کو چاہیئے کہ زمین کے حصول سے پہلے روزگار، معاوضے اور باز آبادکاری کے ٹھوس انتظامات کرے۔‘
محبوبہ مفتی نے آخر میں کہا کہ،ریلوے یا کسی بھی منصوبے کے لیے ایک انچ زمین لینے سے پہلے یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ تمام بے روزگار نوجوانوں اور متاثرہ خاندانوں کو روزگار دیا جائے۔ یہاں زمین صرف جائیداد نہیں، بلکہ غریب خاندانوں کی شناخت، بقا اور ذریعہ معاش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں