سری نگر، 12 مارچ (یو این آئی) فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے سری نگر اور نگروٹا کا دورہ کرکے وہاں آپریشنل تیاریوں اور سیکورٹی صورتحال کا جامع جائزہ لیا اس دوران انہوں نے فارمیشن کمانڈروں کے ساتھ ملاقات کی اور بدلتی ہوئی سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ایک فوجی ترجمان نے بتایا کہ اس دوران کثیر جہتی نگرانی کو مزید مضبوط بنانے، بر وقت میں انٹلی جنس کے بہتر انضمام اور مسلسل چوکسی بر قرار رکھنے کی حمکت عملیوں پر بھی غور کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ جموں و کشمیر میں امن، استحکام اور معمول کی زندگی کو بر قرار رکھنے کے لئے باہمی اور مشترکہ کوششوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ فوجی سربراہ نے اس بات کا عزم دہرایا کہ وہ جموں وکشمیر کے عوام کی سلامتی ، تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے پوری ثابت قدمی کے ساتھ کام کرتے رہیں گے جب کہ اعلٰی ترین سطح کی آپریشنل تیاری کو بھی برقرار رکھا جائے گا۔
