جموں، 23 مارچ:(عقاب ویب ڈیسک)مرکزی داخلہ سکریٹری گووند موہن آج جموں و کشمیر کی سکیورٹی صورتحال اور جموں و کشمیر پولیس (جے کے پی) کی مالی حالت کا اعلیٰ سطحی جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس کی صدارت کریں گے، جو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد ہوگا۔
ذرائع کے مطابق دوپہر 2:30 بجے ہونے والے اس اجلاس میں جاری مالی سال 2025-26 کے اخراجات اور آئندہ مالی سال 2026-27 کے لیے پولیس کی ضروریات پر بھی تفصیلی غور کیا جائے گا۔
یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب سیکورٹی فورسز نے بالائی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف تلاشی کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جبکہ موجودہ مالی سال کے اختتام میں بھی چند ہی دن باقی رہ گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق چیف سیکریٹری اتل ڈلو، یو ٹی کے ہوم سیکریٹری چندرکر بھارتی، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نلین پربھات، پولیس ہیڈکوارٹرز کے اعلیٰ افسران اور جموں و کشمیر زونز کے آئی جی حضرات بھی ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں پہاڑی اور جنگلاتی علاقوں، خصوصاً جموں خطے میں دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا جائزہ لیا جائے گا، جہاں کچھ غیر ملکی دہشت گردوں کے چھپے ہونے کا شبہ ہے۔ موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی ان کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کی حکمت عملی بھی زیر غور آئے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ضلع کشتواڑ کے چھاترو علاقے میں جیشِ محمد کے چار اہم دہشت گردوں، جن میں ان کا کمانڈر سیف اللہ بھی شامل تھا، کی ہلاکت کے بعد یہ پہلا بڑا جائزہ اجلاس ہوگا۔
ذرائع کے مطابق سیکورٹی ایجنسیوں کے لیے دہشت گردوں کے معاونین یعنی اوور گراؤنڈ ورکرز (OGWs) کا نیٹ ورک بھی ایک بڑا چیلنج بنا ہوا ہے، اور اس نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ بعض نیٹ ورکس کو بے نقاب بھی کیا جا چکا ہے جبکہ دیگر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
اجلاس میں جموں و کشمیر پولیس کی مالی صورتحال کا جائزہ بھی اہم ایجنڈے میں شامل ہے۔ موجودہ مالی سال کے بجٹ کے استعمال اور آئندہ سال کے لیے درکار وسائل پر بھی غور کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ جے کے پی کو جدید خطوط پر استوار کیا جا چکا ہے اور اسے جدید ہتھیاروں اور آلات سے لیس کیا گیا ہے، تاہم اس عمل کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اضافی اقدامات بھی زیر غور ہیں۔
اس کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور داخلہ سکریٹری کے سابقہ اجلاسوں میں لیے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ امت شاہ نے رواں سال 5 سے 7 فروری کے دوران جموں خطے کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے سکیورٹی اور ترقیاتی امور سے متعلق اہم اجلاسوں کی صدارت کی تھی۔
