0

مرکزی وزیرِ بجلی نے جموں و کشمیر میں پن بجلی پروجیکٹس کا جائزہ لیا

جموں،5 جنوری (یو این آئی) مرکزی وزیر بجلی منوہر لال نے جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع میں جاری 1000 میگاواٹ پکل ڈول اور 390 میگاواٹ ڈل ہستی پن بجلی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ افسران کے مطابق وزیر نے اپنے دو روزہ دورۂ جموں و کشمیر کا آغاز ضلع ریاسی میں 690 میگاواٹ سلال پن بجلی منصوبے کا معائنہ کرکے کیا اور این ایچ پی سی کو سلال جھیل سے ریت و ملبہ ہٹانے کے کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔
سلال پاور اسٹیشن جو دریائے چناب پر قائم ہے، گزشتہ برس انڈس واٹر ٹریٹری معاہدہ کی منسوخی کے بعد بڑے پیمانے پر ریت اور ملبہ صاف کرنے کے مرحلے سے گزر رہا ہے تاکہ آبی وسائل کے بہتر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔
کشتواڑ روانگی کے دوران وزیر نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے 1856 میگاواٹ ساولکوٹ پن بجلی منصوبے کا فضائی معائنہ بھی کیا۔ بعد ازاں کشتواڑ پہنچ کر انہوں نے رتلے ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈیم کنکریٹنگ کاموں کے سنگِ بنیاد کی رسم ادا کی اور منصوبے کی بروقت اور مؤثر تکمیل کے لیے ٹیم کی حوصلہ افزائی کی۔
اپنے دورے کے دوسرے دن وزیر منوہر لال نے پکل ڈول پاور اسٹیشن کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری ایک پیغام میں انہوں نے بتایا کہ معائنے کے دوران پروجیکٹ کی کارروائیوں، حفاظتی انتظامات، پیداواری صلاحیت اور تکنیکی امور کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ’پکل ڈول منصوبہ خطے کی توانائی کے بنیادی ڈھانچے کا ایک اہم اور مستقبل ساز پروجیکٹ ہے جو آنے والے برسوں میں جموں و کشمیر کی ہمہ جہت ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔‘
اس سے قبل وزیر نے ڈول ہستی پاور اسٹیشن کا بھی دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے سکریٹری پاور پنکج اگروال کے ہمراہ شجر کاری مہم میں حصہ لیا۔
وزارتِ بجلی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر نے 624 میگاواٹ کیرو اور 540 میگاواٹ کوار منصوبوں کے سربراہان اور کنٹریکٹروں کے ساتھ مفصل جائزہ میٹنگ کی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ پکل ڈول اور کیرو پروجیکٹس کو دسمبر 2026 تک اور کوار پروجیکٹ کو مارچ 2028 تک مکمل طور پر شروع کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں