0

مساجد اور ائمہ کی پروفائلنگ عوامی مفاد میں، سیاسی کھیل نہیں: وقف چیئرپرسن

سری نگر،16جنوری (یو این آئی) جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا ہے کہ مساجد، ائمہ اور اوقاف کمیٹیوں کی پولیس ویریفکیشن کو بلاوجہ تنازعہ بنا کر پیش کرنا حقائق کے منافی ہے، کیونکہ یہ عمل صرف اس بات کو یقینی بنانے کے لیے شروع کیا گیا ہے کہ وقف کے زیرِ انتظام آنے والی مذہبی املاک محفوظ رہیں اور ان کا نظم و نسق معتبر افراد کے ہاتھوں میں ہو۔ پلوامہ کے لاسی پورہ علاقے میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ مساجد، ائمہ اور منتظمین کی توثیق ایک حفاظتی قدم ہے جس سے وقف بورڈ کو ریکارڈ مرتب کرنے، ذمہ دار افراد کی شناخت پختہ کرنے اور مذہبی اداروں کی فعالیت کو منظم رکھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ویریفکیشن کسی فرد یا ادارے کو نشانہ بنانے کے لیے نہیں بلکہ صرف اور صرف مذہبی اثاثوں کے تحفظ کے لیے کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس عمل پر تنقید کرنے والے سیاسی حلقوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ چند عناصر محض اختلاف کی خاطر اسے سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ کشمیر کے عوام کے مفاد اور مذہبی اداروں کے تحفظ کے لیے یہ ایک ضروری اقدام ہے۔
انہوں نے کہا: ’جو لوگ اس عمل پر سیاست کر رہے ہیں، انہیں زمینی حقیقت سمجھنے کی ضرورت ہے۔ وقف بورڈ کا مقصد کسی کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ اداروں کو مضبوط بنانا ہے۔‘ ڈاکٹر اندرابی نے دعویٰ کیا کہ ویریفکیشن کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مساجد اور اوقاف اداروں میں خدمات انجام دینے والے افراد مستند، قابلِ اعتماد اور ذمہ دار ہوں۔ اس سے نہ صرف انتظامی شفافیت بڑھے گی بلکہ عبادت گاہوں کی حرمت اور سلامتی میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ مستقبل میں بھی اسی طرح شفافیت، نظم و ضبط اور اثاثوں کی حفاظت کے اصول پر کاربند رہے گا اور عوام سے تعاون کی اپیل کی تاکہ مذہبی اداروں کا نظام بہتر انداز میں چلتا رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں