جموں،18فروری(یو این آئی) جموں و کشمیر حکومت نے اسمبلی میں ایک سوال کے جواب میں واضح کیا ہے کہ مغل روڈ ٹنل (پیر کی گلی ٹنل) کے لیے ٹینڈر جاری کرنے کا عمل فی الحال ممکن نہیں، کیونکہ منصوبہ ابھی ابتدائی منظوریوں کے مراحل میں ہے۔
محکمہ تعمیرات عامہ کے مطابق، ٹنل کے لیے مجوزہ الائنمنٹ ڈی پی آر کنسلٹنٹ ایم/ایس ایس ایم ای سی (انڈیا) پرائیویٹ لمیٹڈ نے تیار کر کے وزارتِ سڑک و ٹرانسپورٹ کو پیش کیا تھا، جس پر 21 جنوری 2026 کو تفصیلی بحث ہوئی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ جب تک الائنمنٹ کو وزارت کی طرف سے باضابطہ منظوری نہیں ملتی، ڈی پی آر کی تیاری شروع نہیں کی جا سکتی۔
جواب میں مزید کہا گیا کہ ٹنل کی تعمیر کے لیے ٹینڈر اسی وقت جاری کیے جائیں گے جب وزارتِ سڑک و ٹرانسپورٹ کی جانب سے ڈی پی آر کو منظور کیا جائے گا اور اس کے بعد جنگلات، وائلڈ لائف اور اراضی حصول سمیت تمام قانونی کلیئرنسز حاصل کی جائیں گی۔
حکومت نے اس مرحلے پر ٹنڈر جاری کرنے کے کسی مخصوص وقت یا تاریخ کے بارے میں کوئی یقین دہانی نہیں کرائی، تاہم یہ ضرور کہا کہ تمام ضابطوں کی تکمیل کے بعد ہی اگلے اقدامات کیے جائیں گے۔
0
