جموں،12جنوری(یو این آئی) برفباری کے باعث گزشتہ ایک ہفتے سے بند تاریخی مغل روڈ کو پیر کے روز عام ٹریفک کیلئے بحال کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق اتوار کی شب سڑک کو جزوی طور پر کھول کر دونوں جانب پھنسے ہوئی گاڑیوں کو آگے جانے کی اجازت دی گئی ۔
محکمہ ٹریفک کے مطابق پیر کی صبح جیسے ہی برف ہٹانے کا کام مکمل ہوا، سڑک کو باقاعدہ طور پر عام ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا، لیکن ساتھ ہی احتیاطی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ حکام نے بتایا کہ پیر کی گلی کے مقام پر اب بھی برف کی کچھ مقدار موجود ہے اور شام کے وقت درجہ حرارت میں کمی کے باعث سڑک کے پھسلن کا خدشہ ہے، اس لئے گاڑیوں کو صرف دوپہر 2 بج کر 30 منٹ تک ہی کٹ آف پوائنٹس عبور کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
عہدیداروں نے مزید بتایا کہ مغل روڈ کی بندش سے راجوری، پونچھ اور وادی کشمیر کے درمیان سفر کرنے والے عام لوگوں، مریضوں اور تجارتی سرگرمیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ برفباری کے بعد سے مسلسل مشینری اور عملہ تعینات تھا جو کئی دنوں تک راستے سے برف ہٹانے میں مصروف رہا۔
ادھر جموں—پونچھ شاہراہ، جو صبح کے وقت مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے تین گھنٹے تک بند رہی تھی، اسے بھی کلیئر کرکے ٹریفک کے لئے بحال کر دیا گیا ہے۔
حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم اور ٹریفک پولیس کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کا منصوبہ بنائیں، کیونکہ بالائی علاقوں میں موسم کسی بھی وقت تبدیل ہو سکتا ہے۔
0
