0

منتخب حکومت کو یہ بہانہ نہیں بنانا چاہیے کہ وہ ریاستی درجہ کی بحالی تک کام نہیں کر سکتی: منوج سنہا

سری نگر،31اکتوبر(یو این آئی) جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ ریاستی درجہ کی عدم بحالی کو کسی بھی منتخب حکومت کے لیے ناقص کارکردگی کا جواز نہیں بنایا جا سکتا، کیونکہ موجودہ نظام کے تحت یو ٹی حکومت کے پاس تمام اختیارات موجود ہیں۔
ان باتوں کا اظہارموصوف نے جمعہ کے روز ایس کے آئی سی سی میں جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری فاؤنڈیشن ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
منوج سنہا نے کہا، ’ریاستی درجہ کی بحالی ایک آئینی اور مرحلہ وار عمل ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پارلیمنٹ میں واضح طور پر کہا ہے کہ پہلے حد بندی، پھر اسمبلی انتخابات، اور اس کے بعد ریاستی درجہ کی بحالی مناسب وقت پر عمل میں لائی جائے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو اس ترتیب سے مسئلہ ہے، مگر جب اسمبلی انتخابات ہوں گے تو یہ صاف طور پر یونین ٹیریٹری اسمبلی کے انتخابات ہوں گے۔ لہٰذا کسی منتخب حکومت کو یہ بہانہ نہیں بنانا چاہیے کہ وہ ریاستی درجہ کی بحالی تک کام نہیں کر سکتی۔
ایل جی سنہا نے کہا کہ منتخب حکومت کے پاس تمام انتظامی، ترقیاتی اور مالیاتی اختیارات ہوں گے، اس لیے ’لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنے تمام اختیارات اور وسائل عوام کی بہبود کے لیے استعمال کرے اور ریاست کو ترقی و استحکام کی راہ پر آگے بڑھائے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے تقریب کے دوران جموں و کشمیر کے عوام کو فاؤنڈیشن ڈے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یو ٹی انتظامیہ بہتر طرز حکمرانی، شفافیت اور ترقی کے ایجنڈے پر گامزن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں