سری نگر، 13 دسمبر (یو این آئی) جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو یہاں لوک بھون آڈیٹوریم میں دہشت گردی سے متاثرہ افراد کے 39 اہلخانہ کو سرکاری تقرری نامے فراہم کئے۔
واضح رہے کہ انہوں نے گذشتہ روز جموں میں دہشت گردی سے متاثرہ افراد کے 41 اہلخانہ کو سرکاری تقرری نامے فراہم کئے تھے۔
منوج سنہا نے اپنے خطاب میں کہا کہ سنہا نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ان لوگوں کو انصاف، وقار اور روزی روٹی فراہم کرنا ہے جودہشت گردی سے اپنے پیاروں سے محروم ہوئے ہیں۔
متاثرین کے ساتھ بات چیت کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت سے خاندان ایسے ہیں جو اپنے پیاروں کو کھونے کے بعد کئی برسوں تک جد و جہد میں رہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘کچھ بچے والدین کے بغیر پروان چڑھے جبکہ ان کے خاندانوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کہانیوں نے ہمیں اس بات کو یقینی بنانے پر مجبور کیا کہ حقیقی متاثرین کو مدد ملے’۔
لیفٹیننٹ گورنر نے زور دے کر کہا کہ حکومت دہشت گردی کی حمایت کرنے یا اس کو گلوریفائی کرنے والے افراد کی نشاندہی کرنےاور ان کے خلاف سخت کارروائیاں کرنے کے لئے پر عزم ہے۔
انہوں نے کہا: ‘ہم دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام سے منسلک کسی بھی شخص یا اداروں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔دہشت گردی کی مدد کرنے والوں کو سخت ترین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا’۔
ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی کوششیں ہمدردی سے بڑھ کر ٹھوس حمایت کی طرف بڑھ گئی ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘اس اقدام کی وساطت سے ان خاندانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے جنہوں نے سب سے زیادہ نقصان اٹھایا۔ ہمارا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی خاندان دہشت گردی کی زد میں نہ آئے’۔
تقریب میں صوبائی کمشنر کشمیر انشول گرگ اور متاثرین کے خاندان کے ارکان سمیت سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔
0
