برسبین، 04 دسمبر (یواین آئی) بریسبن میں جاری ایشنز ٹیسٹ میں آسٹریلیائی تیزگیندباز مچل اسٹارک نے اپنی خطرناک گیندبازی سے نہ صرف میچ کو اپنی گرفت میں لیا بلکہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر بن کر ایک بڑا سنگِ میل عبور کیا۔
ایشیز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں مچل اسٹارک نے اپنی روایتی تیز اور سوئنگ کرتی ہوئی گیندوں سے انگلش بیٹنگ لائن کو بری طرح جھنجھوڑ دیا۔ پہلی اننگز میں اسٹارک نے 71 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں، اور اسی دوران ہیری بروک کو 31 رنز پر آؤٹ کرتے ہوئے وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر بن گئے۔
اس کامیابی کے ساتھ ہی اسٹارک نے پاکستان کے عظیم فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کا 414 وکٹوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔ وسیم اکرم نے یہ کارنامہ 104 ٹیسٹ میچوں میں انجام دیا تھا، جبکہ اسٹارک نے صرف 101 ٹیسٹ میچوں میں ان کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔
لیفٹ آرم فاسٹ باؤلنگ کے شعبے میں اب اسٹارک سرفہرست ہیں، ان کے بعد سری لنکا کے چمندا واس 355 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ 317 کے ساتھ چوتھے اور آسٹریلیا کے مچل جانسن 313 وکٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
0
