0

میری وفاداری اصولوں اور ضمیر کے ساتھ ہے: آغا روح اللہ مہدی کا دوٹوک بیان

سری نگر،20اکتوبر(یو این آئی)نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان آغا روح اللہ مہدی کا تازہ بیان سیاسی حلقوں میں بحث کا موضوع بن گیا ہے، جس میں انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ ‘میری وفاداری اصولوں اور ضمیر کے ساتھ ہے’۔ ان کا یہ بیان اُس وقت سامنے آیا جب نیشنل کانفرنس کے ان ہی کے قریبی ساتھی آغا سید محمود نے آج بڈگام نشست سے پارٹی ٹکٹ پر اپنے کاغذاتِ نامزدگی داخل کئے۔
آغا روح اللہ مہدی نے ایکس پر لکھا،’میری وفاداری میرے ضمیر اور اصولوں کے ساتھ ہے۔ میں اپنے خاندان کے بزرگوں کا احترام کرتا ہوں، لیکن ان سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ میری (ہماری) جدوجہد کو کمتر نہ سمجھیں۔ اگر وہ اسے سمجھ نہیں سکتے اور اس کا حصہ نہیں بن سکتے، تو کم از کم میری جدوجہد کو اس سطح تک نہ گھسیٹیں۔’
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ روح اللہ مہدی کی یہ پوسٹ محض ایک عمومی اظہار نہیں بلکہ ایک معنی خیز پیغام ہے، جو نیشنل کانفرنس کی موجودہ سیاسی صف بندی اور اندرونی اختلافات کی نشاندہی کرتا ہے۔
ان کے قریبی ساتھی آغا سید محمود کے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کے فوراً بعد آنے والا یہ بیان اس تاثر کو مزید تقویت دیتا ہے کہ پارٹی کے اندر سب کچھ معمول کے مطابق نہیں ہے۔
مبصرین کے مطابق، روح اللہ مہدی کا یہ موقف دراصل ان کی اصولی سیاست اور پارٹی پالیسیوں سے بڑھتی ہوئی بے اطمینانی کو ظاہر کرتا ہے۔ اگرچہ نیشنل کانفرنس نے اس حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا ، تاہم سیاسی حلقے اس پیشرفت کو پارٹی کے اندر بڑھتی کشیدگی کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں