سری نگر، 12 مارچ (یو این آئی) میر واعظ کشمیر میر واعظ عمر فاروق نے جموں میں ایک تقریب کے دوران ڈاکٹر فاروق عبداللہ پر ہوئے قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس معاملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے واضح رہے کہ جموں کے گریٹر کیلاش علاقے میں بدھ کی شام ایک شادی کی تقریب کے دوران ایک شخص نے نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ پر پستول سے فائرنگ کی جس میں وہ بال بال بچ گئے۔
میر واعظ نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘ جموں میں ایک تقریب میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ صاحب کی زندگی پر حملہ کرنے کی خبر تشویشناک اور قابل مذمت ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘یہ جان کر تسلی ہوئی کہ وہ بال بال بچ گئے، کوئی بھاری بھرکم ہتھیار کے ساتھ ان کے اتنے قریب آیا اور ان پر فائرنگ کی، اس کی مکمل تحقیقات کی ضرورت ہے’۔
