0

نوگام دھماکہ: متاثرہ مکانات کی مکمل تلافی کی جائے گی: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا اعلان

سری نگر،15نومبر(یو این آئی) جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ نوگام پولیس اسٹیشن میں جمعہ کی شب ہونے والے حادثاتی دھماکے سے قریب واقع رہائشی و تجارتی ڈھانچوں کو پہنچنے والے نقصان کی حکومت جانب سے مکمل تلافی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ متاثرہ خاندانوں کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نوگام کے اس المناک واقعے میں جان گنوانے والے شہریوں کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے وزیر صحت سکینہ ایتو کو ہدایت دی ہے کہ زخمی افراد کے علاج میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے، جبکہ متاثرہ عمارتوں اور گھروں کا نقصان سرکاری طور پر پورا کیا جائے گا۔
جمعہ دیر رات یہ زوردار دھماکہ اس وقت ہوا جب تفتیشی ایجنسیوں کی ایک ٹیم ‘وہائٹ کالر ٹیررزم’ کیس کے تحت ضبط شدہ بھاری مقدار میں بارودی مواد سے نمونے نکالنے کی کارروائی میں مصروف تھی۔ یہ مواد نوگام پولیس اسٹیشن کے احاطے میں محفوظ رکھا گیا تھا۔
دھماکے میں 9 افراد جان بحق جبکہ 32 زخمی ہوئے، جن میں پولیس اہلکار، سرکاری عملہ اور عام شہری شامل ہیں۔ اس دھماکے نے نہ صرف پولیس اسٹیشن کی عمارت کو شدید نقصان پہنچایا بلکہ آس پاس کے متعدد رہائشی ڈھانچوں کو بھی بری طرح متاثر کیا۔
وزیراعلیٰ نے اس سانحے کو بہت بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس مشکل گھڑی میں تمام متاثرہ افراد کی بھرپور مالی اور انتظامی مدد کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں