سری نگر،12دسمبر(یو این آئی) جموں و کشمیرکے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعے کو یہاں نوگام کے اُس سانحہ میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، جو گزشتہ ماہ ایک حادثاتی دھماکے میں شہید ہوگئے تھے۔ اس موقع پر ایل جی نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور لواحقین کو تقرری نامے بھی فراہم کیے۔
لیفٹیننٹ گورنر سنہا نے کہا کہ پوری قوم شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے تاکہ ان کی زندگی عزت و وقار کے ساتھ بسر ہو سکے۔ انہوں نے شہداء کے جذبۂ قربانی کو سلام کرتے ہوئے اہلِ خانہ کے صبر و حوصلے کی ستائش کی۔
ایل جی سنہا نے اس موقع پر جموں و کشمیر پولیس کی اُن کوششوں کو بھی سراہا جو گزشتہ ماہ ایک بڑے دہشت گردانہ منصوبے کو ناکام بنانے کے سلسلے میں کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ جے اینڈ کے پولیس نے نہایت باریک بینی سے جاسوسی، تحقیق اور مشترکہ کارروائیوں کے ذریعے دہشت گرد نیٹ ورک کا پردہ چاک کیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
انہوں نے اعلیٰ پولیس و سول حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی مالی معاونت کرنے والی ہر کڑی کو توڑا جائے اور ایسے عناصر کی کوششوں کو پوری قوت سے ناکام بنایا جائے جو نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے یقین دلایا کہ حکومت شہداء کے اہلِ خانہ کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گی اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
0
