0

وائٹ نائٹ کورکی ضلع کشتواڑمیں 326 دنوں کی طویل کارروائی کی دوران سات دہشت گرد ہلاک

جموں، 23 فروری (یو این آئی) فوج کی وائٹ نائٹ کور کا کہنا ہے کہ ضلع کشتواڑ کے چھاترو علاقے میں 326 دنوں پر محیط ایک طویل ہائی آلٹیٹیوڈ مشترکہ آپریشن کے دوران سات دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
ایکس پر جاری ایک بیان میں وائٹ نائٹ کور نے اس آپریشن کو “گالینٹ پرسیویرنس’ کا نام دیتے ہوئے کہا کہ کشتواڑ کے دشوار گذار پہاڑی علاقوں میں 326 دنوں سے زیادہ عرصے تک انتھک اور مشقت سے بھرپور ہائی آلٹیٹیوڈ مشترکہ آپریشنز انجام دئے گئے’۔
انہوں نے کہا: ‘وائٹ نائٹ کور کے جوانوں نے جموں وکشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کے اشتراک سے کارروائیاں انجام دیں اور یہ آپریشنز سول اور فوجی انٹلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے قائم ایک مضبوط انٹلی جنس گرڈ کی بنیاد پر چلائے گئے’۔
پوسٹ میں کہا گیا: ‘فورسز نے شدید سردی اور برفانی صورتحال میں دشوار پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کا تعاقب کیا جس دوران طرفین کے درمیان متعدد بار آمنا سامنا ہوا اور بالآخر تمام سات دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا’۔
بیان کے مطابق آپریشن کے دوران جدید ٹیکنالوجی بشمول ایف پی وی ڈرونز، سیٹلائٹ امیجری، آر پی اے/یو اے ویز اور مواصلاتی نظام کا بھر پور استعمال کیا گیا تاکہ کارروائی میں مدد مل سکے۔
فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ سیف اللہ اور اس کے ساتھیوں کی ہلاکت سے علاقے میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی فورسز اور انٹلی جنس ایجنسیوں کے عزم، حوصلے اور بہادری کا عکاس ہے۔
کور نے اپنے پیغام میں کہا: ‘ہم خدمت کرتے ہیں، ہم حفاظت کرتے ہیں’۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں