سری نگر،4جنوری(یو این آئی) وادیٔ کشمیر کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ، سونہ مرگ اور پہلگام میں اتوار کو تازہ برفباری ہوئی ہے۔ سردی کی شدت میں اضافے کے باوجود مقامی لوگوں اور سیاحوں نے موسم کی اس تبدیلی کا پُرجوش استقبال کیا۔ رواں ہفتے کے دوران ان علاقوں میں ہونے والی برفباری نے نہ صرف وادی کی خوبصورتی دوبالا کر دی ہے بلکہ سرمائی سیاحت کو بھی نئی جان بخش دی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق اتوار کی صبح گلمرگ میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برفباری ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد مشہور سیاحتی مقام کا پورا علاقہ سفید چادر اوڑھے نظر آیا۔ سونہ مرگ اور پہلگام میں بھی دن بھر وقفے وقفے سے برفباری ہوتی رہی، جس کے نتیجے میں درختوں، گھاٹیوں اور پہاڑی چوٹیوں نے نہایت دلکش منظر پیش کیا۔
برفباری کی اطلاعات ملتے ہی بیرون ریاستوں سے آنے والے سیاحوں نے فوری طور پر ان مقامات کا رخ کیا۔ گلمرگ کے کانگڈوری ایریا میں موجود ایک سیاح وجے شرما نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:’ہم پہلی بار کشمیر آئے ہیں اور اس طرح کی برفباری دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے جیسے خواب سچ ہو گیا ہو۔ گلمرگ کا منظر ناقابل بیان ہے۔‘
پہلگام میں موجود دہلی سے آئے ایک اور سیاح انوپریا نے بتایا کہ انہوں نے تصاویر اور ویڈیوز میں پہلگام کو دیکھا تھا، لیکن تازہ برفباری نے وادی کے حسن کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔یہ جگہ اصل میں اس سے کہیں زیادہ خوبصورت ہے جتنا ہم نے سوچا تھا۔ ہم نے برفباری کا بھرپور لطف اٹھایا۔
برفباری کے بعد ضلعی انتظامیہ نے سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ ٹریفک پولیس نے سیاحوں اور ڈرائیوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ پھسلن کے پیش نظر احتیاط برتیں اور بغیر چین والی گاڑیوں کو ان پہاڑی علاقوں میں نہ لے جائیں۔
سیاحتی محکمے کے ایک افسر نے بتایا:’اس برفباری نے وادی کے سرمائی سیزن کو بہترین آغاز دیا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ جنوری اور فروری میں سیاحوں کی بڑی تعداد یہاں کا رخ کرے گی۔‘
تازہ برفباری نے نہ صرف سیاحوں کے چہروں پر خوشی بکھیر دی ہے بلکہ مقامی کاروباری طبقے اور سیاحت سے جڑے ہزاروں افراد کے لیے بھی نئی امیدوں کا دروازہ کھول دیا ہے۔
0
