سری نگر29 اکتوبر(یو این آئی) بی جے پی کے سینئر لیڈر اور اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے بدھ کے روز الزام عائد کیا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بڈگام میں نیشنل لا یونیورسٹی کلاسز کے آغاز کے اعلان کے ذریعے ماڈل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔
اسمبلی اجلاس کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے سنیل شرما نے کہا کہ چوں کہ بڈگام حلقہ میں ضمنی انتخابات کا عمل جاری ہے، ایسے میں وزیر اعلیٰ کا اس علاقے سے متعلق کوئی بھی نیا ترقیاتی اعلان انتخابی ضابطوں کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
انہوں نے کہا:’اسمبلی کے فلور پر عمر عبداللہ صاحب نے بڈگام میں نیشنل لا یونیورسٹی کی کلاسز شروع کرنے کی یقین دہانی دی، جو ماڈل ضابطہ اخلاق کے منافی ہے۔ اس غلطی کے لیے انہیں اخلاقی بنیادوں پر استعفیٰ دینا چاہیے۔’
مسٹر شرما نے کہا کہ بی جے پی اس معاملے کو الیکشن کمیشن آف انڈیا کے نوٹس میں لائی ہے تاکہ اس پر باقاعدہ کارروائی ہو۔
بی جے پی لیڈر کے مطابق، وزیر اعلیٰ کو یہ سمجھنا چاہیے کہ انتخابی عمل کے دوران کسی بھی نئی اسکیم یا ادارے کا اعلان الیکشن کمیشن کی ہدایات کے خلاف ہے۔
0
