سری نگر،19دسمبر(یو این آئی) جموں و کشمیرکے وزیر اعلیٰ نے جمعے کو نئی دہلی میں مرکزی وزیر برائے جل شکتی سی آر پاٹل سے ملاقات کی، جس دوران جموں و کشمیر میں جل جیون مشن کے نفاذ سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے مرکزی حکومت سے زیر التوا مرکزی فنڈز کی جلد اجرائی پر زور دیا تاکہ مکمل کیے گئے کاموں کے واجبات کی ادائیگی ممکن بنائی جا سکے اور وہ اسکیمیں دوبارہ شروع کی جا سکیں جو مختلف وجوہات کی بنا پر تعطل کا شکار ہیں، جبکہ ان میں سے کئی منصوبے تکمیل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ نے مرکزی وزیر کو یقین دلایا کہ جموں و کشمیر حکومت جل جیون مشن کے تحت تمام منصوبوں پر بروقت عمل درآمد، سخت نگرانی اور مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے دیہی علاقوں میں ’ہر گھر جل‘ کے ہدف کو حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کے مسلسل تعاون سے یہ مشن کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔
اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ کے ہمراہ کابینہ وزیر جاوید رانا بھی موجود تھے، جنہوں نے مشن کی زمینی پیش رفت اور درپیش چیلنجز سے مرکزی وزیر کو آگاہ کیا۔
0
