0

وزیر داخلہ نے جموں و کشمیر میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا

نئی دہلی، 9 اکتوبر (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے تمام سکیورٹی ایجنسیوں پر زور دیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے مربوط انداز میں کام کریں اور دہشت گردوں کے خلاف چوکس رہیں جو موسم سرما کی برف باری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خطے میں دراندازی کر سکتے ہیں۔ مسٹر امیت شاہ نے جمعرات کے روز یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جموں و کشمیر میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔

دہشت گردی سے پاک جموں و کشمیر کا ہدف حاصل کرنے کے لئے مودی حکومت کے پختہ عزم کو دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکیورٹی ایجنسیوں کی ٹھوس کوششوں کی بدولت ملک کے دشمنوں کے ذریعہ پروان چڑھنے والے دہشت گرد نیٹ ورک کا جموں و کشمیر میں خاتمہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کو خطے میں امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کی مکمل آزادی ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ نے پہلگام کے دہشت گردانہ حملے کے بعد مرکز کے زیر انتظام علاقے کی انتظامیہ اور سکیورٹی ایجنسیوں کی طرف سے کیے جانے والے اقدامات کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے جموں و کشمیر میں سکیورٹی کو مضبوط بنانے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے تمام سکیورٹی ایجنسیوں کو چوکس رہنے اور مربوط انداز میں کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

آئندہ موسم سرما کے دوران دہشت گردوں کی ممکنہ دراندازی کے بارے میں محتاط رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موسم سرما کی آمد آمد ہے، ہماری سکیورٹی فورسز کو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح تیار رہنا چاہیے کہ دہشت گرد برف باری کا فائدہ اٹھا کر دراندازی نہ کریں۔

جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، مرکزی داخلہ سکریٹری، ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو، آرمی چیف، جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز کے ڈائریکٹر جنرل اور فوج اور جموں و کشمیر انتظامیہ کے سینئر افسران میٹنگ میں موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں