0

ووٹر لسٹ سے ووٹروں کے نام ہٹانے کے راہل گاندھی کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں: الیکشن کمیشن

نئی دہلی، 18 ستمبر (یو این آئی) الیکشن کمیشن نے کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی طرف سے ووٹروں کے نام ان کی رضامندی کے بغیر فہرست سے حذف کرنے کے الزامات کو مسترد کر دیا مسٹر راہل گاندھی کی طرف سے جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس میں یہ الزامات لگائے جانے کے بعد کہ ووٹروں کے نام ان کی رضامندی کے بغیر فہرست سے ہٹائے جا رہے ہیں، الیکشن کمیشن نے کہا، “مسٹر راہل گاندھی کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ کسی بھی ممبر کے ذریعہ کسی ووٹر کا نام آن لائن فہرست سے نہیں ہٹایا جا سکتا ہے۔ کسی ووٹر کا نام ان کا موقف سننے کا موقع دیئے بغیر فہرست سے نہیں ہٹایا جا سکتا ہے”۔

الیکشن کمیشن نے کہا، “کرناٹک کے الند اسمبلی حلقہ میں، 2023 میں کچھ ووٹروں کے ناموں کو حذف کرنے کی ناکام کوشش کی گئی تھی، اور کمیشن کے اہلکاروں نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایف آئی آر درج کی تھی۔ الند اسمبلی حلقہ سے 2018 میں بی جے پی کے سبھاش گٹیدار اور 2023 میں کانگریس کے بی آر پاٹل نے جیتا تھا۔”

واضح رہے کہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے آج راجدھانی میں پریس کانفرنس میں ڈیجیٹل پریزنٹیشن میں الزام لگایا کہ کانگریس کے حامی ووٹروں کے نام جان بوجھ کر ملک بھر کی ووٹر فہرست سے ہٹائے جا رہے ہیں اور یہ کام پورے ملک میں خود کار طور پر، مرکزی اور انتہائی حکمت عملی کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں