0

’ووٹ چوری‘ کا معاملہ کانگریس کا اپنا ایجنڈا، انڈیا اتحاد کا اس سے کوئی تعلق نہیں: عمر عبداللہ

سری نگر،15دسمبر(یو این آئی) جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کے روز کانگریس کی جانب سے اٹھائے گئے ’ووٹ چوری‘ کے معاملے سے خود کو الگ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس ایشو کا اپوزیشن اتحاد انڈیا بلاک سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے سیاسی ایجنڈے کا خود تعین کرے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے یہ ریمارکس ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایک روز قبل کانگریس کے سینئر رہنماؤں نے نئی دہلی میں منعقدہ ’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘ ریلی کے دوران بی جے پی اور الیکشن کمشنرز پر شدید تنقید کی تھی۔ کانگریس رہنماؤں نے الزام عائد کیا تھا کہ ’ووٹ چوری‘ حکمران جماعت کے ڈی این اے میں شامل ہے اور اس کے لیڈران عوام کے حقِ رائے دہی کو سلب کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ عمر عبداللہ کی جماعت نیشنل کانفرنس اپوزیشن اتحاد انڈیا بلاک کا حصہ ہے، جبکہ لوک سبھا میں اپوزیشن اراکین کی تعداد کے لحاظ سے کانگریس اس اتحاد کی سب سے بڑی جماعت ہے۔
جب وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے کانگریس کی جانب سے اٹھائے گئے ’ووٹ چوری‘ اور مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں کے معاملے پر تبصرہ کرنے کو کہا گیا تو انہوں نے کہا،’انڈیا بلاک کا اس معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ ہر سیاسی پارٹی آزاد ہے کہ وہ اپنے مسائل اور ایجنڈا خود طے کرے۔ کانگریس نے ’ووٹ چوری‘ اور ایس آئی آر کو اپنا مرکزی موضوع بنایا ہے، ہم انہیں اس سے روکنے والے کون ہوتے ہیں؟‘
دریں اثنا، کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ’ووٹ چوری‘ کے خلاف ملک بھر میں تقریباً چھ کروڑ دستخط جمع کیے ہیں، جنہیں وہ جلد ہی صدرِ جمہوریہ ہند کے سامنے پیش کرے گی۔
عمر عبداللہ کے اس بیان کو سیاسی حلقوں میں انڈیا بلاک کے اندر مختلف جماعتوں کے الگ الگ سیاسی مؤقف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اتحاد کے اندر رہتے ہوئے بھی جماعتیں اپنے اپنے سیاسی بیانیے کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں