واشنگٹن، 6 جنوری (یو این آئی) وینزوئیلا کی قیادت کے لیے سب سے زیادہ موزوں شخصیات کی فہرست سی آئی اے نے صدر ٹرمپ کو پیش کردی۔
امریکی حملے اور صدر مادورو کی معزولی اور گرفتاری کے بعد وینزوئیلا کی قیادت کے لیے حکومت کے وفادار عناصر میں امریکہ کے لیے سب سے زیادہ موزوں کون ہے؟ اس حوالے سے سی آئی اے نے صدر ٹرمپ کو رپورٹ پیش کردی ہے۔
وال اسٹریٹ جنرل کی رپورٹ کے مطابق امریکی سی آئی اے نے وینزوئیلا میں حکومت کی تبدیلی سے متعلق ایک رپورٹ صدر ٹرمپ کو پیش کی ہے، جس میں مادورو کے بعد وینزوئیلا کی قیادت کے لیے موزوں افراد سے متعلق بتایا گیا ہے۔
سی آئی اے کی اس رپورٹ میں وینزوئیلا کی موجودہ صدر ڈیلسی روڈریگیز کو اپوزیشن لیڈر اور نوبل امن انعام یافتہ ماریہ کورینا ماچاڈو کے مقابل بہتر قرار دیا گیا ہے۔
ٹرمپ کو انٹیلی جنس رپورٹ پر بریفنگ دی گئی جس بتایا گیا ہے کہ وینزوئیلا میں رجیم چینج کے بعد اپوزیشن عارضی حکومت کی قیادت کے لیے جدوجہد کرے گی۔ تاہم وینزوئیلا کی نائب صدر (موجودہ صدر) ڈیلسی روڈریگیز کراکس میں ایک عارضی حکومت کی قیادت کرنے اور مختصر مدت کے لیے استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے بہترین پوزیشن میں ہیں۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے اس رپورٹ کی تصدیق کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری کیرولین لیویٹ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ صدر ٹرمپ کو پوری دنیا کے ممالک کی اندرونی سیاسی حرکیات کے بارے میں معمول کے مطابق آگاہ کیا جاتا ہے۔ صدر اور ان کی قومی سلامتی کی ٹیم وینزوئیلا کو آخرکار امریکہ کے مفادات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے اور وینزوئیلا کے عوام کے لیے ایک بہتر ملک بننے کو یقینی بنانے کے لیے حقیقت پسندانہ فیصلے کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی فوج نے تین جنوری کو وینزویلا پر حملہ کر کے صدر مادورو کو اہلیہ سمیت گرفتار کر کے نیویارک پہنچایا جہاں ان پر مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب وینزوئیلا کی عدالت کے حکم پر نائب صدر ڈیلسی روڈریگیز نے صدر کا منصب عارضی طور پر سنبھال لیا ہے۔
0
