0

ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی شرکت حکومت کے فیصلے سے مشروط : محسن نقوی

لاہور، 24 جنوری (یواین آئی) ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی شرکت غیر یقینیی بنی ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی شرکت یا عدم شرکت کا حتمی فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت کا فیصلہ حکومت کی منظوری سے مشروط ہوگا۔
آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی جانب سے سکیورٹی خدشات کے باعث ہندوستان سے میچز منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
پاکستان کے آئندہ مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں شرکت غیر یقینی ہو گئی ہے، جب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ حتمی فیصلہ حکومتِ پاکستان سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ یہ بیان بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے بنگلہ دیش کو ہندوستان میں میچ کھیلنے سے انکار پر ٹورنامنٹ سے باہر کرنے کے فوری بعد سامنے آیا۔
محسن نقوی نے آئی سی سی پر “دوہرا معیار” اپنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ “ناانصافی” ہے۔ انہوں نے کہا،“ورلڈ کپ میں ہماری شرکت کے بارے میں ہمارا مؤقف وہی ہوگا جو حکومتِ پاکستان مجھے ہدایت دے گی۔ وزیرِ اعظم اس وقت پاکستان میں موجود نہیں ہیں۔ ان کی واپسی کے بعد ہم حتمی فیصلہ کریں گے۔ ہم حکومت کے فیصلے کے پابند ہیں ، آئی سی سی کے نہیں۔”
واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پاکستان نے بنگلہ دیش کے مؤقف کی کھل کر حمایت کی ہے، جو اپنے ٹی20 ورلڈ کپ میچز ہندوستان کے بجائے کسی غیر جانبدار مقام پر کھیلنے کا مطالبہ کر رہا تھا۔ آئی سی سی کے ایک حالیہ اجلاس میں سمجھا جاتا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے مؤقف کی حمایت کرنے والا واحد بورڈ پی سی بی تھا۔ یہ ٹورنامنٹ ہندوستان اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہونا ہے، تاہم بنگلہ دیش کے تمام میچز ہندوستان میں طے کیے گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں