سری نگر،29دسمبر(یو این آئی)جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ آنے والے پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات میں پڑھے لکھے، باشعور اور باصلاحیت نمائندوں کو آگے لانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ عوامی مسائل کا بہتر اور مؤثر حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک ایسی تحریک ہے جو برسوں سے جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق، عزت اور وقار کی جدوجہد کی علامت رہی ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ آج پارٹی ہیڈکوارٹر سرینگر میں وادی کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی اصل طاقت اس کی تنظیمی مضبوطی، کارکنوں کی یکجہتی اور عوام کے ساتھ مسلسل رابطہ ہے۔ ان کے مطابق جب تک قیادت اور کارکنان عوام کے دکھ سکھ میں شریک نہیں ہوں گے، تب تک حقیقی جمہوریت اور ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ زمینی سطح پر گلی کوچوں، گاؤوں اور قصبوں تک عوام سے براہ راست رابطہ برقرار رکھا ہے، جو اس جماعت کی پہچان بنا ہوا ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود ہمیشہ ان کی سیاست کا محور رہی ہے۔ چاہے وہ تعلیم کا میدان ہو، صحت کی سہولیات، روزگار کے مواقع، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی یا سماجی انصاف— نیشنل کانفرنس نے ہر دور میں عوام دوست پالیسیاں اپنائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت نے کبھی اقتدار کو مقصد نہیں بنایا بلکہ ہمیشہ اسے عوامی خدمت کا ایک ذریعہ سمجھا۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں یہ ضروری ہے کہ نیشنل کانفرنس اپنی تنظیم کو نچلی سطح تک مزید مضبوط کرے، نوجوانوں کو قیادت میں آگے لائے اور عوامی مسائل کو ان کی اپنی آواز بنا کر پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کیلئے ابھی سے تیاریوں کا آغاز کرنا چاہئے تاکہ مضبوط و مؤثر عوامی نمائندے سامنے آسکیں۔
نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہا کہ یہ واحد سیاسی جماعت ہے جو ریاست کے تمام خطوں، طبقوں اور مذاہب کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ تنظیمی نظم و ضبط برقرار رکھیں، عوام سے براہ راست جڑے رہیں اور نیشنل کانفرنس کے مشن— “جموں و کشمیر کے عوام کی فلاح، وقار اور بہتر مستقبل”— کو ہر سطح پر آگے بڑھائیں۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آخر میں اس عزم کا اظہار کیا کہ نیشنل کانفرنس عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو ایک بہتر، محفوظ اور باوقار مستقبل فراہم کرنے کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا.
0
