جموں،12جنوری(یو این آئی) جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں پیر کے روز جنگل میں لگی آگ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ نصب متعدد بارودی سرنگوں کو دھماکوں سے اڑا دیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے جبکہ آگ بجھانے کی کارروائیاں جاری ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ بالاکوٹ سیکٹر کے بسونی فارورڈ علاقے میں تقریباً 1 بجکر 50 منٹ پر جنگل میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے شعلے تیزی سے اُن مقامات تک پہنچ گئے جہاں فوج نے دراندازی روکنے کے لیے بارودی سرنگیں نصب کر رکھی ہیں۔ آگ کی لپیٹ میں آتے ہی کم از کم پانچ بارودی سرنگوں میں زوردار دھماکے ہوئے جن کی آواز دور تک سنائی دی۔
فوج اور فائر سروس ڈیپارٹمنٹ کی ٹیمیں مسلسل مشقت کے بعد آگ پر قابو پانے کی کوششیں کر رہی ہیں۔ تیز ہوا اور خشک موسم کی وجہ سے شعلے وقفے وقفے سے پھیل رہے ہیں جس سے آپریشن میں دشواری پیش آ رہی ہے۔
علاقے میں دیگر بارودی سرنگوں کے پھٹنے کا خطرہ برقرار ہونے کے سبب سکیورٹی فورسز نے مقامی آبادی کو متاثرہ زون سے دور رہنے کی ہدایت دی ہے جبکہ آگ کے مکمل طور پر بجھ جانے تک نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق صورتحال پر فوج کی گہری نظر ہے اور آگ سے متاثرہ علاقے کا معائنہ آتشزدگی کے ختم ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
0
