جموں، 5 اکتوبر (یو این آئی) سماجی جرائم کے خلاف مہم کو جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے ضلع پونچھ میں چوری کے ایک معاملے کو کامیابی کے ساتھ حل کرکے لاکھوں روپیے مالیت کے سونے کے زیورات بر آمد کئے ہیں اور ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن منڈھار میں 27 ستمبر 2025 کو دیویندر سنگھ ولد مرحوم جیت سنگھ ساکن گلات منڈھار کی جانب سے ایک تحریری شکایت درج کروائی گئی جس میں بتایا گیا کہ کچھ نامعلوم افراد نے ان کے گھر سے 12 تولے سونے کے زیورات اور 20 ہزار روپیے نقدی چوری کر لئے۔
انہوں نے کہا کہ اس شکایت پر بی این ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 181/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئیں۔
ان کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا گیا اور مسلسل پوچھ گچھ کےبعد عباس خان ولد محمد ایوب ساکن پوتھا سرنکوٹ نے جرم کا اعتراف کیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ بعد میں اس کے انکشاف پر پولیس ٹیم نے چوری شدہ زیورات جن کی مالیت تقریباً 7 لاکھ روپیے ہے اور نقدی رقم کو بر آمد کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیم کی فوری کارروائی کے نتیجے میں قیمتی مال کی بازیابی اور ملزم کی گرفتاری قلیل وقت میں ممکن ہوسکی۔
ان کا کہنا ہے کہ ضلع پولیس پونچھ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے پر عزم ہے۔
0
