دبئی ،26 ستمبر(یو این آئی )
پاکستان نے بنگلہ دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 11 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف ہندوستان سے ہوگاہندوستان اور پاکستان کے میچ میں جذبات ہوں یا جنون، تنقید ہو یا تعریف، کھلاڑیوں کے لیے ہر چیز دو گنا سے زیادہ شدت اختیار کرلیتی ہے اور اس مرتبہ بھی دونوں ملکوں کے کھلاڑیوں اور عوام نے ایسا ہی کچھ کرنے کی تیاری کرلی ہے۔ ایشیا کپ 2025 کے آغاز سے قبل ہی میچز کے شیڈول کو دیکھ کر شائقین کرکٹ نے زیادہ سے زیادہ ہند۔پاک ٹکر کی دعائیں مانگنا شروع کردی تھیں اور اب یہ دعائیں تاریخی حقیقت بن گئی ہیں کیونکہ ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں پہلی مرتبہ ایشیا کپ کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔
دونوں ٹیمیں آج تک ایشیا کپ کے فائنل میں آمنے سامنے نہیں آئی ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب دونوں ٹیمیں اس ایونٹ کے فائنل میں ٹرافی کی جنگ کے لیے اتوار کو میدان میں اتریں گی۔
1984میں شروع ہونے والا یہ ٹورنامنٹ ہندوستان اور پاکستان مقابلوں کی وجہ سے ہر مرتبہ ہی شائقین کرکٹ اور کرکٹ کے دیوانوں کے لیے بہت ہی خاص رہا ہے۔
1984 سے لے کر 2025 تک اس ٹورنامنٹ نے کرکٹ کے لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں دیوانوں کو زبردست پاک بھارت ٹاکرے دیکھنے کا موقع دیا، لیکن فائنل میں روایتی حریف کبھی آمنے سامنے نہیں آئے۔ اس مرتبہ اب ایسا ممکن ہوگیا کیونکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایشیا کپ کا فائنل ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار کو یہ تاریخی میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔ اب تک اس ٹورنامنٹ میں 2 بارہندوستان اور پاکستان کے مقابلے ہوئے اور دونوں ہی ہندوستان نے جیتے۔
کون کون سی ٹیمیں ایشیا کپ جیت چکی ہیں؟
ماضی کی بات کی جائے تو ایشیا کپ ٹورنامنٹ صرف 3 ٹیمیں ہی جیتتی چلی آئی ہیں جن میں ہندوستان ، پاکستان اور سری لنکا شامل ہیں۔ ان تین ٹیموں میں سب سے زیادہ مرتبہ ایشیا کپ ہندوستان نے جیتا ہے۔
اب تک ہندوستان 8 مرتبہ ایشیا کپ جیت چکا ہے، سری لنکا نے 6 مرتبہ ٹرافی اٹھائی اور پاکستان 2 مرتبہ چیمپئن بنا۔
واضح رہے کہ 2014 کے بعد سے یہ ٹورنامنٹ ہر مرتبہ ایک بار ون ڈے اور اگلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر کھیلا جارہا ہے۔
