0

چلہ کلان میں وادی گرم، جموں سرد، غیر معمولی موسمی صورتحال نے عوام کو حیران کردیا

جموں،12جنوری(یو این آئی) وادی کشمیر میں چلہ کلان کی سخت ترین سردیوں کے باوجود دن کا درجہ حرارت عام توقعات کے برعکس نسبتاً بہتر رہا، جبکہ جموں خطہ شدید سردی سے ٹھٹھر گیا۔ محکمہ موسمیات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جموں شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو وادی کے اکثر علاقوں سے کم ہے۔ اس موسمی اُتار چڑھاؤ نے شہریوں اور ماہرینِ موسمیات دونوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔
سری نگر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 12.4 ڈگری ریکارڈ ہوا جو گزشتہ کئی برسوں کے چلہ کلان کے اوسط درجہ حرارت سے زیادہ ہے۔ قاضی گنڈ میں 13.9 ڈگری، پہلگام میں 10.8 ڈگری، کپوارہ میں 10.7 ڈگری اور کولگام کے کوکر ناگ علاقے میں 11.5 ڈگری درجہ حرارت نوٹ کیا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ موسمی صورتحال گزشتہ برسوں کے رجحانات سے بالکل مختلف ہے۔
اس صورتحال پر شہریوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ سری نگر کے حبہ کدل علاقے کے 68 سالہ غلام محی الدین نے بتایا، ’میں نے اپنی زندگی میں پہلی بار دیکھا ہے کہ چلہ کلان میں سری نگر کا دن جموں سے گرم ہو۔ یہ تو موسم کی پوری الٹ پلٹ ہے، لوگ واقعی حیران ہیں کہ آخر ایسا کیوں ہو رہا ہے۔‘
پہلگام سے تعلق رکھنے والے محمد رفیق، جو کہ سیاحتی شعبے سے وابستہ ہیں، نے کہا، ’پہلگام میں سردی تو ہے لیکن جموں جیسی کپکپاہٹ نہیں۔ وہاں کے دوست بتا رہے تھے کہ دھوپ بھی سردی کم نہیں کر پا رہی۔ یہ صورتحال عجیب بھی ہے اور تشویش ناک بھی کہ پہاڑ گرم اور میدانی علاقے سرد ہو رہے ہیں۔‘
جموں کے گاندھی نگر علاقے کے رہائشی سنجے شرما نے بتایا کہ پورے شہر میں سردی کا معمول پچھلے کئی برسوں سے مختلف ہے۔ انہوں نے کہا، ’ہم تو ہمیشہ سمجھتے تھے کہ سری نگر میں سردی کی شدت سب سے زیادہ ہوتی ہے مگر پچھلے دو دن سے جموں میں لوگ گھروں میں ہیٹر جلا کر بیٹھے ہیں۔ ایسا لگتا ہے جیسے جموں میں چلہ کلان آ گیا ہو۔‘
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ جموں میں سردی کی شدت کی بنیادی وجہ بادلوں کی گھنی تہہ اور شدید سرد شمالی ہواؤں کا دباؤ ہے، جو دن کے وقت بھی سورج کی گرمی کو زمین تک پہنچنے نہیں دیتے۔ اس کے برخلاف وادیٔ کشمیر میں خشک موسم اور بادلوں کی کمی نے دن کے وقت درجہ حرارت کو معمول سے کچھ بہتر رکھا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو سے تین روز تک جموں خطہ شدید سردی کی لپیٹ میں رہے گا جبکہ وادی میں دن کے وقت معمولی بہتری کے باوجود راتیں یخ بستہ رہیں گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو کشمیر اور جموں دونوں میں موسم کا توازن مزید متاثر ہوسکتا ہے، جس کے زراعت اور روزمرہ زندگی پر بھی اثرات مرتب ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں