سرینگر//22جنوری//یو این ایس// جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں پیش آئے المناک سڑک حادثے میں 10 بھارتی فوجی جوانوں کی ہلاکت پر مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہید جوانوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے۔مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ہندی زبان میں اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ وہ اس افسوسناک حادثے سے بے حد دل گرفتہ ہیں۔ انہوں نے کہا،“ڈوڈہ، جموں و کشمیر میں پیش آئے سڑک حادثے نے مجھے گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ اس المناک واقعے میں جان قربان کرنے والے بہادر فوجی جوانوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔”یو این ایس کے مطابق امیت شاہ نے مزید بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے فوجی جوانوں کو اعلیٰ ترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا،“زخمی جوانوں کو بہترین طبی نگہداشت فراہم کی جا رہی ہے۔ میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ تمام زخمی فوجی جلد از جلد صحت یاب ہوں۔ادھر مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شہید جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔، وزیر دفاع نے ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اس افسوسناک واقعے سے نہایت رنجیدہ ہیں اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زخمی فوجی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور متعلقہ حکام کو بہترین ممکنہ علاج کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ راج ناتھ سنگھ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس مشکل گھڑی میں پورا ملک مسلح افواج اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑا ہے۔قابلِ ذکر ہے کہ جمعرات کی دوپہر ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ–چمبا بین الریاستی سڑک پر خنّی ٹاپ کے مقام پر ایک بکتر بند فوجی گاڑی (کیسپر) حادثے کا شکار ہو گئی۔ تقریباً 9 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع اس مقام پر گاڑی کا ڈرائیور توازن کھو بیٹھا، جس کے نتیجے میں گاڑی تقریباً 200 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔
0
