0

کرناٹک میں بس اور لاری کی ٹکر، 10 سے زائد لوگوں کی موت، 21 زخمی

بنگلورو، 25 دسمبر (یو این آئی) کرناٹک کے ضلع چتردرگ میں قومی شاہراہ 48 پر جمعرات کی علی الصبح ایک نجی سلیپر کوچ بس اور لاری کی ٹکر کے بعد آگ لگنے سے 10 سے زائد افراد ہلاک اور 21 دیگر زخمی ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ حادثہ ہری یور تعلقہ کے گورلتھو کراس پر اس وقت پیش آیا جب 32 مسافروں کو گوکرن کی جانب جارہی سلیپر بس کی ہری یور سے بنگلورو کی طرف جا رہی ایک لاری سے ٹکر ہو گئی۔ لاری سڑک کا ڈیوائیڈر عبور کر کے سامنے سے آ رہی بس سے ٹکراگئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس میں آگ بھڑک اٹھی اور کئی مسافر اندر پھنس گئے۔

پولیس انسپکٹر جنرل (مشرقی خطہ) روی کانت گوڑا نے کہا کہ “زیادہ تر ہلاک شدگان زندہ جل گئے۔ کئی ایسے مسافر جو بچ گئے، انہیں شدید چوٹیں آئیں اور انہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ جائے حادثے کی تصاویر میں بس کے بری طرح ٹوٹے جلے ہوئے حصے نظر آرہے ہیں، جہاں امدادی اہلکار ملبہ ہٹا رہے تھے اور کرینیں تباہ شدہ گاڑیوں کو ہٹا رہی تھیں۔”

پولیس کی ابتدائی تفتیش میں لاری ڈرائیور کی لاپروائی سامنے آئی ہے۔ اس حادثے میں بس ڈرائیور اور کلینر محفوظ ہیں، جبکہ لاری ڈرائیور کی موت ہوگئی ہے۔ چتردرگ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ رنجیت کمار اس معاملے کی نگرانی کر رہے ہیں اور ہری یور دیہی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے حادثے پر رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “کرناٹک کے چتردرگ میں پیش آئے بس میں آگ لگنے کے افسوسناک حادثے سے نہایت دکھی ہوں، جس میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ سوگوار کنبوں کے تئیں میری گہری ہمدردیاں ہیں۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی پرارتھنا کرتی ہوں۔”

وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ہر متوفی کے اہلِ خانہ کو دو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے بطور معاوضہ دیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ سدارمیا نے کہا کہ مسافروں کے زندہ جل جانے کی خبر سن کر دل دہل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “یہ نہایت دلخراش واقعہ ہے کہ کرسمس کی چھٹیوں کے دوران اپنے گاؤں جا رہے لوگوں کا سفر ایک بڑے سانحے میں بدل گیا۔ اس معاملے کی گہرائی سے تفتیش ہونی چاہیے۔”

سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے کہا کہ “اس حادثے کی خبر سن کر شدید صدمہ پہنچا۔ بھگوان مہلوکین کی روح کو سکون دے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر و حوصلہ عطا کرے۔ میں تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی پرارتھنا کرتا ہوں۔”

سابق وزیر اعلیٰ بی ایس وجیندر یدی یورپّا نے کہا کہ “یہ خبر سن کر انتہائی دکھ ہوا۔ میں حادثے میں جان گنوانے والوں کی روح کو سکون اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے پرارتھنا کرتا ہوں۔ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ میری گہری ہمدردیاں ہیں۔”

کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ “حادثے میں کئی افراد کی ہلاکت کی خبر سن کر گہرا صدمہ ہوا ہے۔ میں مہلوکین کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی پرارتھنا کرتا ہوں۔ ایسی المناک وارداتیں دوبارہ کبھی پیش نہ آئیں۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں