جموں،4فروری(یو این آئی) جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے چھاترو علاقے میں بدھ کی شام سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی فائرنگ میں ایک دہشت گرد مارا گیا جس کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔
دفاعی ذرائع کے مطابق بدھ کی شام تقریباً 5 بجکر 45 منٹ پر چھاترو علاقے میں فرار دہشت گردوں کے ساتھ دوبارہ تصادم اس وقت قائم ہوا جب مشترکہ سیکورٹی دستے گھنے جنگلات اور دشوار گزار پہاڑی راستوں میں سرچ آپریشن کو مزید تیز کر رہے تھے۔
فوج کی وائٹ نائٹ کور نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا:’کشتواڑ میں دہشت گردوں کی تلاش اور ان کے خاتمے کے لیے جاری کارروائیوں کے دوران کئی مقامات پر رابطہ قائم ہوا ہے۔ گھنے جنگلات اور انتہائی مشکل زمینی حالات کے باوجود آج دوبارہ دہشت گردوں کے ایک گروہ کے ساتھ آمنا سامنا ہوا جس دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوا ہے۔ گھنے جنگلات میں آپریشن جاری ہے۔‘
اس سے قبل منگل کی شام علاقے میں 2 پیرا اسپیشل فورسز اور 17 آر آر سمیت مختلف سیکورٹی اداروں نے ایک بڑا مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا تھا، کیونکہ اطلاعات تھیں کہ دہشت گردوں کا ایک گروہ جنگل میں روپوش ہے اور فرار ہونے کی کوشش کر سکتا ہے۔
فوجی ذرائع نے بتایا کہ اس پورے علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، اور اسی وجہ سے محاصرہ مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ سیکورٹی فورسز نے مقامی آبادی سے اپیل کی ہے کہ آپریشن مکمل ہونے تک محفوظ فاصلے پر رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوراً اطلاع دیں۔
واضح رہے کہ کشتواڑ کے گھنے جنگلات میں گزشتہ تین ہفتوں سے دہشت گرد مخالف آپریشن جاری ہے اور فورسز نے وسیع الریض جنگلی علاقے کو پوری طرح سے سیل کیا ہوا ہے جبکہ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے جنگلی علاقے پر نظر گزر رکھی جارہی ہے تاکہ دہشت گردوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہ ہو سکے۔
