جموں،18جنوری(یو این آئی) جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے ایک دورافتادہ جنگلاتی علاقے میں اتوار کی دوپہر سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ چھِڑ گئی۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ اس وقت شروع ہوا جب فورسز نے مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا تھا۔
فوج، پولیس اور نیم فوجی دستوں کی مشترکہ ٹیم نے سونر گاوں، مندل-سنگھورا کے نزدیک چھاترو سب ڈویژن کے گھنے جنگلوں میں دوپہر کے قریب سرچ آپریشن شروع کیا۔ تلاشی کے دوران چھپے ہوئے دہشت گردوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے جواب میں سیکورٹی اہلکاروں نے جوابی کاروائی کی اور علاقہ لمحوں میں فائرنگ کی گونج سے لرز اٹھا۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ علاقہ سخت جغرافیائی چیلنجز کا حامل ہے اور گھنے جنگلات کے سبب دہشت گردوں کے ٹھکانے تلاش کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ فورسز نے احتیاط کے ساتھ پیش قدمی جاری رکھی ہوئی ہے ۔
جھڑپ شروع ہوتے ہی اضافی کمک روانہ کر دی گئی ہے اور علاقے کے تمام داخلی و خارجی راستے سیل کر دیے گئے ہیں تاکہ دہشت گردوں کے فرار کے کسی بھی راستے کو بند کیا جا سکے۔ فورسز نے قریبی بستیوں میں رہنے والے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
حکام نے بتایا کہ فی الحال یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ جنگل میں کتنے دہشت گرد موجود ہیں، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کم از کم دو سے تین دہشت گردوں کی نقل و حرکت دیکھی گئی تھی۔ فورسز کے مطابق جھڑپ جاری ہے اور مزید تفصیلات صورتحال واضح ہونے کے بعد فراہم کی جائیں گی۔
سیکورٹی ایجنسیوں نے پچھلے چند مہینوں سے کشتواڑ اور ڈوڈہ کے بالائی علاقوں میں دہشت گردی کی ممکنہ سرگرمیوں کے پیش نظر آپریشنز میں اضافہ کیا ہے، اور اتوار کی جھڑپ کو اسی سلسلے کی ایک اہم کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔
0
