سری نگر،8 اکتوبر(یو این آئی) ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) کشمیر نے بدھ کے روز وادی میں سرگرم ’سلیپر سیل ماڈیول‘ کا پردہ فاش کرنے کے لیے کشمیر کے سات اضلاع میں آٹھ مقامات پر چھاپے مارے جس دوران قابل اعتراض اور مجرمانہ مواد ضبط کیا گیا جبکہ متعدد مشتبہ افراد کو پوچھ تاچھ کی خاطر حراست میں لیا گیا ہے۔
ایس آئی اے ترجمان نے بتایا کہ یہ چھاپے کیس نمبر 01/2025 کے تحت درج مقدمے کی تفتیش کے سلسلے میں مارے گئے، جو پولیس اسٹیشن ایس آئی اے کشمیر میں درج ہے۔ اس معاملے کا تعلق ان خفیہ ماڈیولز سے ہے جو کالعدم دہشت گرد تنظیموں لشکرِ طیبہ اور جیشِ محمد کے دہشت گرد کمانڈروں کے اشارے پر سرگرم تھے۔ بتایا گیا کہ یہ نیٹ ورک وادی میں علیحدگی پسند پروپیگنڈا پھیلانے، نوجوانوں کو انتہا پسندانہ نظریات کی طرف راغب کرنے اور دہشت گرد گروہوں میں بھرتی کرنے میں ملوث تھا۔
ترجمان کے مطابق آج کی کارروائی شمالی، وسطی اور جنوبی کشمیر کے تمام تین رینجز میں ایک ساتھ انجام دی گئی۔ اس دوران قابلِ اعتراض اور مجرمانہ نوعیت کا مواد ضبط کیا گیا ہے جبکہ متعدد مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ گرفتار شدہ اور زیرِ تفتیش افراد ایک منظم سازش میں ملوث تھے، جس کا مقصد بھارت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنا، عوامی بےچینی پیدا کرنا اور فرقہ وارانہ منافرت کو ہوا دینا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائی ریاستی تحقیقاتی ایجنسی کے اُن مسلسل اور غیر متزلزل اقدامات کا حصہ ہے، جن کا مقصد دہشت گردی کے پورے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا اور وادی میں امن و استحکام کو یقینی بنانا ہے۔
0
