0

کشمیر میں آج شبِ قدر عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی

مساجد، خانقاہوں اور درگاہوں میں لاکھوں مسلمانوں کی شب بیداری متوقع

سرینگر// 16 مارچ/ وادی کشمیر میں ہزار مہینوں سے افضل اور بابرکت رات شبِ قدر آج انتہائی عقیدت، احترام اور روحانیت کے ماحول میں منائی جائے گی۔ اس موقع پر وادی کے طول و عرض میں واقع مساجد، خانقاہوں، درگاہوں، زیارت گاہوں اور دینی مدارس میں رات بھر عبادات، ذکر و اذکار، قرآن خوانی اور اجتماعی دعاو ¿ں کی روح پرور محافل منعقد ہوں گی جن میں لاکھوں فرزندانِ توحید اور بناتِ حوا کی شرکت متوقع ہے۔یو این ایس کے مطابق شبِ قدر کے موقع پر سب سے بڑے اجتماعات درگاہ حضرت بل، خانقاہِ معلیٰ، آستان عالیہ دستگیر صاحب خانیار و سرائے بالا، زیارت مخدوم صاحب سری نگر، نقشبند صاحب، جان صاحب صورہ، آثار شریف شہری کلاشپورہ، حضرت سید یعقوب صاحب سونہ وار، جامع مسجد بٹوارہ و سوپور، زیارت شیخ نورالدین صاحب چرار شریف، بابا پیام الدین صاحب ٹنگمرگ، زیارت زین الدین صاحب عشمقام، آستان عالیہ پنجورہ، جانباز صاحب بارہمولہ، اہم شریف بانڈی پورہ سمیت دیگر آستانوں اور بڑی مساجد میں منعقد ہوں گے جہاں سرینگر کے علاوہ وادی کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عقیدت مند بڑی تعداد میں شریک ہوں گےاس بابرکت رات کے دوران مسلمان نمازِ تراویح کی ادائیگی کے بعد پوری رات تلاوتِ قرآن، نوافل، درود و اذکار اور ذکرِ الٰہی میں گزاریں گے۔ کئی مقامات پر درسِ قرآن اور وعظ و نصیحت کی محافل بھی منعقد ہوں گی جن میں علمائے کرام شبِ قدر کی فضیلت، نزولِ قرآن اور اس مبارک رات کی روحانی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے۔رات کے پ ±رسکون لمحات میں مساجد اور خانقاہوں میں ایک روح پرور منظر دیکھنے کو ملے گا جب ہزاروں عقیدت مند اشکبار آنکھوں کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے حضور دعاگو ہوں گے۔ عبادت گزار اپنے گناہوں کی معافی، مرحومین کی مغفرت، بیماروں کی شفا، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور دنیا بھر میں امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں گے۔وادی کے دیگر اضلاع جن میں بارہمولہ، کپوارہ، بانڈی پورہ، سری نگر، بڈگام، گاندربل، شوپیاں، اننت ناگ، پلوامہ اور کولگام شامل ہیں، کے ضلعی اور تحصیل صدر مقامات پر قائم مرکزی مساجد، خانقاہوں اور زیارت گاہوں میں بھی شب خوانی کی بڑی مجالس منعقد ہوں گی جہاں ہزاروں افراد پوری رات عبادت میں مصروف رہیں گے۔دوسری جانب خواتین، بزرگوں اور بچوں کی جانب سے گھروں میں بھی عبادات کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔ گھروں میں تلاوتِ قرآن، ذکر و اذکار اور نوافل کی ادائیگی کے ساتھ مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور آنے والی نسلوں کی بھلائی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔شبِ قدر کے اجتماعات کے پیش نظر مساجد اور خانقاہوں کی انتظامیہ کمیٹیوں نے خصوصی انتظامات کیے ہیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے ٹرانسپورٹ اور دیگر انتظامات بھی یقینی بنائے گئے ہیں۔ اس مقصد کے لیے آر ٹی سی کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں سے خصوصی بس سروس چلائی جائے گی جبکہ نجی ٹرانسپورٹروں کو بھی رات گئے تک سروس جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔شبِ قدر کی مناسبت سے مختلف رضاکار تنظیموں اور مقامی نوجوانوں نے بھی عبادت گزاروں کی خدمت کے لیے انتظامات کیے ہیں اور کئی مقامات پر گرم مشروبات اور پانی فراہم کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ رات بھر مساجد، خانقاہوں اور آستانوں کے اطراف درود شریف، تلاوتِ قرآن اور ذکرِ الٰہی کی صدائیں گونجتی رہیں گی جس سے پورا ماحول روحانیت، عقیدت اور نورانیت سے معطر نظر آئے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں