0

کشمیر میں اگلے 5 دنوں کے دوران درجہ حرارت میں مزید اضافہ متوقع

سری نگر، 23 فروری (یو این آئی) وادی کشمیر میں موسم گرما سے قبل ہی ریکارڈ توڑ گرمی ریکارڈ ہونے کے بیچ محکمہ موسمیات نے وادی میں اگلے پانچ دنوں کے دوران درجہ حرارت میں مزید اضافہ درج ہونےکی پیش گوئی کی ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ وادی کے بشیتر مقامات پر اگلے 5 دنوں کے دوران دن اور رات کے درجہ حرارت میں 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ ریکارڈ ہو سکتا ہے۔
محکمے کے ایک ترجمان نے وادی میں ماہ رواں کے اختتام تک بڑے پیمانے پر برف باراں کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 23 سے 26 فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 27 اور 28 فروری کو کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ بعد میں یکم مارچ سے 3 مارچ تک موسم عام طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ 4 سے 7 مارچ تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمے نے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ اس دوران اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں اپنے کام جاری رکھ سکتے ہیں۔
دریں اثنا وادی کے بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت 0 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے اور مشہور سیاحتی مقام پہلگام سرد ترین علاقہ رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کے ایک اور سیاحتی مقام گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں شبانہ درجہ حرارت 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں