0

کشمیر میں این آئی اے کے 12 مقامات پر چھاپے، تلاشی کارروائیاں جاری

سرینگر، 23 مارچ (عقاب ویب ڈیسک): نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے پیر کے روز جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی سے متعلق ایک کیس کے سلسلے میں وسیع پیمانے پر چھاپہ مار کارروائیاں انجام دیں۔

ذرائع کے مطابق این آئی اے کی ٹیموں نے وادیٔ کشمیر کے قریب ایک درجن مقامات پر بیک وقت تلاشی کارروائیاں کیں، جن میں ہندواڑہ اور کولگام کے علاقے بھی شامل ہیں۔

ہندواڑہ کے گلوڑا علاقے میں ایک تاجر کے مکان پر بھی چھاپہ مارا گیا، جہاں اہلکاروں نے اہم دستاویزات اور الیکٹرانک آلات کی جانچ کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران مختلف مواد کو کھنگالا جا رہا ہے۔

اسی طرح کولگام ضلع کے کئی مقامات پر بھی این آئی اے کی جانب سے تلاشی کارروائیاں انجام دی گئیں، جہاں سکیورٹی اہلکاروں نے مشتبہ مقامات کی باریک بینی سے جانچ کی۔

ذرائع نے بتایا کہ یہ کارروائیاں دہشت گردی سے جڑے ایک بڑے نیٹ ورک کی تحقیقات کا حصہ ہیں، اور مختلف مقامات پر تلاشی کا عمل تاحال جاری ہے۔

حکام کے مطابق این آئی اے کی یہ مہم دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں پر قابو پانے اور ممکنہ روابط کا سراغ لگانے کے لیے جاری ہے، جبکہ مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔(کے این سی)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں