سری نگر،11 مارچ (یو این آئی) وادی کشمیر میں حضرت علی(رض) کے یومِ شہادت کا دن نہایت عقیدت، احترام اور روحانی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں وادی کے اطراف و اکناف میں درگاہوں، امام بارگاہوں، خانقاہوں اور مساجد میں خصوصی مجالس، شب خوانی اور دعا و مناجات کا اہتمام ہوا، جن میں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔
جھیل ڈل کے کنارے واقع آثار شریف درگاہ حضرت بلؒ میں صبحِ صادق سے ہی زائرین کا تانتا بندھا رہا۔ نمازِ پنجگانہ اور نمازِ ظہر کی ادائیگی کے بعد ہزاروں عقیدت مندوں نے موئے مقدس (ص) کی زیارت کی سعادت حاصل کی۔ دیدار کے وقت ماحول ذکرِ رسول (ص) سے گونج اٹھا اور فضا میں روحانی کیفیت طاری رہی۔
ادھر وادی کے شیعہ اکثریتی علاقوں، خصوصاً گنڈ حسی بٹ، بمنہ، بڈگام، بارہمولہ اور بانڈی پورہ میں بھی رات بھر شب خوانی، ماتم اور مجالس کا سلسلہ جاری رہا۔ چھوٹی بڑی امام بارگاہوں میں قرآن خوانی، نوحہ خوانی، مرثیہ خوانی اور حضرت علی(رض) کی سیرت و فضائل پر مبنی خطابات پیش کیے گئے۔ متعدد علاقوں سے شبیۂ تابوت کے جلوس بھی برآمد ہوئے جن میں عزاداروں نے روایتی انداز میں شرکت کی۔
سری نگر کے مضافاتی علاقے گنڈ حسی بٹ میں عزاداری کی ایک عظیم الشان مجلس منعقد ہوئی جس میں مرد، خواتین اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں حضرت علی(رض) کی شجاعت، عدالت، علم، حکمت اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے اُن کی بے مثال خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ علما نے کہا کہ حضرت علی کی زندگی انسانیت، عدل، تقویٰ اور اخلاص کا حسین امتزاج ہے، جن کے کردار سے آج بھی رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
0
