0

کشمیر میں مسلسل دوسرے روز بارش اور برفباری دو دن کی بارش سے مارچ میں بارش کی کمی 50 فیصد سے کم ہو کر 45 فیصد

کسانوں کو منگل تک زرعی سرگرمیاں روکنے کی ہدایت، مزید بارش کا امکان//، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
سرینگر//30مارچ/ وادی کشمیر میں پیر کے روز مسلسل دوسرے دن بھی میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث موسم میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ حکام کے مطابق اس تازہ موسمی نظام کے نتیجے میں جموں و کشمیر میں مارچ کے مہینے کا بارش خسارہ تقریباً پانچ فیصد کم ہو گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کے بیشتر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری ہوئی۔یو این ایس کے مطابق حکام نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران یونین ٹیریٹری کے مختلف حصوں میں مزید بارش اور برفباری کے وسیع امکانات ظاہر کیے ہیں۔محکمہ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو دنوں کے دوران ہونے والی بارش اور برفباری کے باعث مارچ میں بارش کی کمی 50 فیصد سے کم ہو کر 45 فیصد رہ گئی ہے، جو موسمی صورتحال میں بہتری کی جانب اشارہ ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمی نظام کی شدت عمومی طور پر معتدل رہے گی، تاہم بعض علاقوں میں تیز بارش کا بھی امکان ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ منگل تک تمام زرعی سرگرمیاں معطل رکھیں۔موسمیات محکمہ نے پیشگوئی کی ہے کہ منگل سے موسم میں بہتری آنے کا امکان ہے، تاہم یکم اور دو اپریل کو ہلکی بارش کا مختصر سلسلہ دوبارہ شروع ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ 3 سے 7 اپریل کے دوران مختلف مقامات پر کہیں کہیں ہلکی بارش اور برفباری کے امکانات بھی موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں