0

کشمیر میں 10 سے 12 مارچ تک ہلکی برف و باراں کا امکان

سری نگر، 6 مارچ (یو این آئی) محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق ایک کمزور مغربی ہوا کی لہر کے زیر اثر وادی کشمیر میں 10 مارچ سے 12 مارچ تک ہلکی برف و باراں کا امکان ہے جبکہ 7 سے 12 مارچ تک درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ ہوسکتی ہے۔
محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 6 مارچ کو موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ 7 سے 9 مارچ تک موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس کے بعد ایک کمزور مغربی ہوا کی لہر کے زیر اثر 10 سے 12 مارچ تک وادی کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ 13 سے 15 مارچ تک موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں 16 سے 17 مارچ تک ایک بار پھر موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ وادی میں 7 سے 12 مارچ تک درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ کی گراوٹ ریکارڈ ہوسکتی ہے۔
کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ زرعی آپریشنز جاری رکھ سکتے ہیں۔
دریں اثنا وادی کے بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی میں کشمیر سیاحتی مقام پہلگام سرد ترین علاقہ رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت3.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں شبانہ درجہ حرارت 6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں