0

کشمیر میں 19 مارچ تک موسمی صورتحال دگرگوں رہنے کا امکان

سری نگر، 11 مارچ (یو این آئی) سری نگر سمیت میدانی علاقوں میں تازہ بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری کے بیچ محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں 19 مارچ تک موسمی صورتحال دگرگوں رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق گریز وادی کے تلیل اور وادی کے کئی پہاڑی علاقوں میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تازہ برف باری ہوئی ہے۔
سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
وادی کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام مین گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں 2.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 6.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
محکمے ایک ترجمان نے 20 مارچ تک موسمی صورتحال کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں 11 اور 12 مارچ کو موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 13 اور 14 مارچ موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 15 اور 16 مارچ کو ایک اور مغربی ہوا کی لہر کے زیر اثر موسم ابر آلود رہنے کےساتھ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ 17 مارچ کی رات کو وادی میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 18 اور 19 مارچ کو موسم عام طور ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بعد میں 20 اور 21 مارچ کو موسم عام طور پر خشک رہ سکتا ہے تاہم اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوسکتی ہے۔
کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 13 اور 14 مارچ کو زرعی سرگرمیوں بحال کرسکتے ہیں۔
دریں اثنا بارشوں کے باوجود وادی کے بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت 6 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی میں سب سے سرد علاقہ گلمرگ رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں