0

کشمیر میں 9 ویں سے 12 ویں جماعت تک اسکول دوبارہ کھل گئے

سری نگر، 23 فروری (یو این آئی) وادی کشمیر میں پیر کی صبح خوشگوار موسم کے بیچ دو مہینوں کی طویل سرمائی چھٹیوں کے بعد نویں سے بارہویں جماعتوں کے لئے تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے، جس کے ساتھ ہی وادی کے اسکولوں میں درس و تدریس کی سرگرمیاں بحال ہوئیں۔
وادی کے گوشہ و کنار میں پیر کی صبح طلبا کو صاف و شفاف وردیوں میں ملبوس اپنے اپنے اسکولوں کی طرف روانہ ہوتے ہوئے دیکھا گیا جن کے چہروں پر خوشی و شادمانی کے آثار نمایاں تھے۔
ادھر اسکولوں میں بھی بچوں کی آمد کے پیش نظر صفائی ستھرائی و دیگر ضروری انتطامات کو عملی شکل دی گئی تھی اور اساتذہ کو بچوں کا پھولوں سے استقبال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
دسویں جماعت کے مقتدیٰ مہدی نامی ایک طالب علم نے بتایا: ‘دو مہینوں کے طویل عرصے کے بعد آج اسکول جا رہا ہوں، میری خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے، موسم بھی خوشگوار ہے، گھر میں بیٹھنے کو اب دل نہیں کرتا تھا’۔
انہوں نے کہا: ‘آج اپنے اساتذہ اور دوستوں کے ساتھ کافی مدت کے بعد ملاقات ہوگی جس کا بے صبری سے انتظار تھا’۔
ایک اور طالب علم نے بتایا: ‘آج صبح سویرے اٹھنا پڑا اور اسکول کے لئے تیار ہونا پڑا جس سے دل کو الگ ہی خوشی ہوئی’۔
انہوں نے کہا: ‘صبح سویرے اٹھ کر سکول کے لئے تیار ہونے میں مزہ ہی الگ ہے اور پھر اسکول میں اساتذہ اور دوستوں کے ساتھ بات چیت کرنے سے جو تجربہ حاصل ہوتا ہے وہ بہت ہی فائدہ بخش ہوتا ہے’۔
زاہد حسین نامی ایک استاد نے یو این آئی کو بتایا: ‘جس طرح ایک گلستان کی شان اس کے پھول ہوتے ہیں اسی طرح ایک اسکول کی شان اس میں زیر تعلیم بچے ہوتے ہیں ان کی غیر موجودگی میں اس کی صورت بھی ایک مرجھائے ہوئے گلستان کی سی ہوتی ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘اسکولوں میں بچوں کے کھلکھلانے سے اس گلستان میں تر وتازگی آجاتی ہے اور ہر سو خوشی و شادمانی کا نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے’۔
واضح رہے کہ وادی میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک کلاسز یکم مارچ سے دوبارہ شروع ہوں گے۔
محکمہ تعلیم نے 25 دسمبر 2025 کو سرمائی تعطیلات کا شیڈول جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ وادی میں پری پرائمری کلاسز 26 نومبر 2025 سے 28 فروری 2026 تک بند رہیں گے اور پہلی سے آٹھویں جماعت تک سرمائی تعطیلات یکم دسمبر 2025 سے 28 فروری 2026 تک رہیں گی جبکہ نویں سے بارہویں جماعت کے لیے تعطیلات 11 دسمبر 2025 سے 22 فروری، 2026 تک مقرر کی گئی تھی۔
محکمہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ تعطیلات کے دوران تمام ٹیچنگ فیکلٹی کو کسی بھی تعلیمی مشن یا ضرورت کے لیے دستیاب رہنا ہوگا۔ مزید براں، تدریسی عملے کو 20 فروری 2026 تک اپنے اپنے اداروں میں واپس رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی تاکہ اسکولوں کے دوبارہ کھلنے کی تیاری کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں